ہتک عزت کیس؛ خواجہ آصف کو وزیراعظم عمران خان کے بیان پر جرح کا حق مل گیا

کیس روزانہ کی بنیاد پر سن کر مقرر وقت میں فیصلہ کیا جائے، ٹرائل کورٹ کو دو ماہ میں فیصلہ کرنے کا کہہ دیتے ہیں آرڈر پاس کریں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 20 جنوری 2022 12:43

ہتک عزت کیس؛ خواجہ آصف کو وزیراعظم عمران خان کے بیان پر جرح کا حق مل گیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 جنوری 2022ء ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہرجانہ کیس میں خواجہ آصف کو وزیراعظم عمران خان کے بیان پر جرح کا حق دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے خواجہ آصف کے خلاف ہرجانے کیس میں سیشن عدالت کے آرڈر کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ، دوران سماعت عدالت نے عمران خان کے بیان پر جرح کا حق ختم کرنے کے فیصلے کے خلاف خواجہ آصف کی درخواست منظور کرلی اور چیف جسٹس اطہر من اللہ نے خواجہ آصف کی درخواست منظور کرتے ہوئے خواجہ آصف کو عمران خان کے بیان پر جرح کا حق دے دیا۔

اس دوران اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کیس روزانہ کی بنیاد پر سن کر مقرر وقت میں فیصلہ کیا جائے، ٹرائل کورٹ کو دو ماہ میں فیصلہ کرنے کا کہہ دیتے ہیں آرڈر پاس کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سیشن عدالت نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر سینئر ن لیگی رہنماء خواجہ آصف کا حق جرح ختم کر دیا تھا ، جس کے بعد خواجہ آصف نے سیشن عدالت کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا جب کہ خواجہ آصف کے شوکت خانم ہسپتال پر الزامات کے خلاف ہرجانے کے کیس میں وزیراعظم عمران خان نے ای کورٹ کے ذریعے عدالتی کارروائی میں شرکت کی ، سماعت میں وزیراعظم نے بیان حلفی جمع کروایا ، جس میں الزامات کوجھوٹا اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ خواجہ آصف نے جھوٹےالزامات لگائے اور عوام کے شوکت خانم ٹرسٹ پر اعتماد کو ٹھیس پہنچانےکی کوشش کی۔

بیان حلفی میں کہا گیا کہ 1991ء سے 2009ء تک عمران خان شوکت خانم کے بڑے ڈونر رہے ، شوکت خانم ٹرسٹ کی سرمایہ کاری سے متعلق فیصلہ سازی ایکسپرٹ کمیٹی کرتی تھی ، وزیر اعظم عمران خان کی کسی قسم کی کوئی مداخلت نہیں تھی اور جن اسکیموں پر الزامات لگائےگئے وہ بغیر نقصان ٹرسٹ نے واپس وصول کیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں