بلین ٹری سونامی، بی آرٹی، اور اب کورونا ہینڈلنگ پر پروپیگنڈا کرنے پر ن لیگ کو منہ کی کھانا پڑی، شہباز گل

کورونا وائرس کی عالمگیر وبا پر گھٹیا سیاست چمکانے والوں کے پاس عوامی ایجنڈا نہیں، معاون خصوصی

جمعرات 20 جنوری 2022 18:53

بلین ٹری سونامی، بی آرٹی، اور اب کورونا ہینڈلنگ پر پروپیگنڈا کرنے پر ن لیگ کو منہ کی کھانا پڑی، شہباز گل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2022ء) وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی نئی لہر آتے ہی پروپیگنڈہ بریگیڈ دوبارہ فعال ہوگیا ہے ، عالمگیر وبا پر گھٹیا سیاست چمکانے والوں کے پاس عوامی ایجنڈا نہیں۔ جمعرات کو مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ نہ ا ن کا کوئی اصول ہے اور نہ کوئی ضمیر، ان کی حیثیت خاندانی غلام جیسی ہے، کورونا کے دوران دنیا صرف کورونا وائرس کی وبا سے لڑی مگر پاکستان کی حکومت نے پروپیگنڈہ بریگیڈ کا مقابلہ بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ نااہل لیگ کی گزشتہ 4 سالہ سیاست وزیراعظم عمران خان کو کرپٹ ثابت کرنے کی ناکام کوشش کی نذر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے خلاف بدترین سیاست کی گئی مگر منہ کی کھانا پڑی،(ن) لیگی پروپیگنڈہ بریگیڈ ایک بار پھر کورونا وائرس کی وبا پر عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نااہلوں نے بلین ٹری پر پروپیگنڈا کیا تو دنیا نے تعریف کرکے ان کے منہ بند کئے، بی آر ٹی کو گڑھا کہنے والوں کے منہ پر عالمی ایوارڈ کا تھپڑ پڑا۔

انہوں نے کہا کہ اکانومسٹ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق کووڈ۔19 کے بعد معمولات زندگی کی بحالی کی درجہ بندی میں پاکستان کا دوسرا نمبر ہے، بل گیٹس پاکستان کی کورونا ہینڈلنگ کو زبردست قرار دے چکے، ڈبلیو ایچ او نے کووڈ۔19 کے خلاف بہترین حکمت عملی والے 7 ممالک میں پاکستان کو سرفہرست رکھا، پوری دنیا پاکستان کی کورونا ہینڈلنگ کی معترف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وڑن اور بہترین حکمتِ عملی کی بدولت پاکستان نے وبا پر قابو پایا۔ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ عوام میں انتشار پھیلانے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا، وزیراعظم عمران خان کی سرکردگی میں پاکستان ترقی کی منازل طے کرتا رہے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں