وزیر اعظم سے عثمان ڈار ، عاقب جاوید ، رانا عاطف اور شاہین آفریدی کی ملاقات ، کھیلوں کے فروغ پر گفتگو

حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں میرٹ کی بالا دستی ہو، عمران خان

جمعرات 20 جنوری 2022 21:40

وزیر اعظم سے عثمان ڈار ، عاقب جاوید ، رانا عاطف اور شاہین آفریدی کی ملاقات ، کھیلوں کے فروغ پر گفتگو
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2022ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں میرٹ کی بالا دستی ہو۔ جمعرات کو وزیرِ اعظم عمران خان سے معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار، عاقب جاوید، رانا عاطف اور کرکٹر شاہین آفریدی نے ملاقات کی جس میں ملک میں کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کی کامیابی اور اس کے نتیجے میں نوجوانوں کو مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آنے پر گفتگو کی گئی بالخصوص کرکٹ میں کامیاب جوان اور لاہور قلندر کے تعاون سے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں ابھرتے ہوئے کرکٹرز کی آئندہ پاکستان سپر لیگ میں شمولیت کے حوالے سے بھی وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا گیا جس پر وزیرِ اعظم نے لاہور قلندر اور کامیاب جوان پروگرام کی کوششوں کو سراہا،اسکے علاوہ وزیرِ اعظم نے کرکٹر شاہین شاہ آفریدی کی ورلڈ کپ میں کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید محنت سے پاکستانی کرکٹ میں اپنا مثبت کردار جاری رکھنے کی تلقین کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہاکہ ملک کی 68 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں میرٹ کی بالا دستی ہو۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں