نور عالم خان نے شوکاز نوٹس کا جواب دینے کیلئے وقت مانگ لیا

میں کورونا کا شکار ہو گیا ہوں، آئندہ 15 روز میں شوکاز نوٹس کا جواب دوں گا۔نور عالم خان نے پرویز خٹک کو خط لکھ دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 24 جنوری 2022 12:04

نور عالم خان نے شوکاز نوٹس کا جواب دینے کیلئے وقت مانگ لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 24 جنوری 2022) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن اسمبلی نور عالم خان نے شوکاز نوٹس کا جواب دینے کیلئے وقت مانگ لیا۔نور عالم خان نے پرویز خٹک کو خط لکھ کر جواب کے لیے وقت مانگا۔نور عالم خان نے خط کے متن میں کہا کہ آپ کا 17جنوری کو شوکاز نوٹس ملا، میں کورونا کا شکار ہو گیا ہوں، آئندہ 15 روز میں شوکاز نوٹس کا جواب دوں گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کورونا کی مثبت رپورٹ بھی خط کے ہمراہ لف کی۔ پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کو وضاحتی جواب 24 جنوری تک جمع کرانے کی ہدایت کی تھی ۔صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے نور عالم خان کو شوکاز نوٹس جاری کیا ۔شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ نور عالم خان نے پارٹی قیادت پر الزامات لگائے جو میڈیا پر نشر اور شائع بھی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی ممبر قومی اسمبلی اپنے الزامات پر پوزیشن واضح کریں۔پی ٹی آئی نے اپنے ایم این اے کو شوکاز نوٹس پر وضاحتی جواب دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ 24 جنوری تک جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔نور عالم خان نے ایک بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے ٹیلیفون نمبر سے میرے خلاف احتجاج کی کالز پر حیران ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ان کے خلاف احتجاج کیلیے حلقے کے لوگوں کو صوبائی اسمبلی سے فون کیا گیا، لوگوں کو فوج کرکے احتجاج کا کہنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔

پی ٹی آئی ایم این اے نے کہا کہ جولوگ اپنے گائوں میں نہیں جیت سکتے وہ میرے خلاف احتجاج کے لیے لوگوں کو فون کررہے ہیں۔نور عالم خان کے بیان پر ترجمان ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے وضاحت جاری کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جس نمبر کے بارے میں کہا گیا ہے وہ پی آر او کا دفتر ہے، حلقے کے لوگ یہاں آتے رہتے ہیں، شاید کسی نے اس نمبر سے ٹیلی فون کیا ہوگا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز نور عالم خان نے شوکاز کے حوالے سے پرویز خٹک کی حیثیت پر سوال اٹھایا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں