حکومت نے شہباز شریف کو بطور اپوزیشن لیڈر کے تسلیم کرنے کی شرط بتا دی

عدالتیں شہباز شریف کو چوری سے بری قرار دے دیں تو ان کو اپوزیشن لیڈر مان لیں گے، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 25 جنوری 2022 05:19

حکومت نے شہباز شریف کو بطور اپوزیشن لیڈر کے تسلیم کرنے کی شرط بتا دی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 25 جنوری2022ء) عدالتوں نے (ن) لیگ کی نائب صدر کو جعلساز، چور، فریبی اور مکار عورت قراردیا، انہوں نے عدالت میں جعلی دستاویزات جمع کرائیں، عدالتیں شہباز شریف کو چوری سے بری قرار دے دیں تو ان کو اپوزیشن لیڈر مان لیں گے، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل- تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ اپوزیشن جو زبان استعمال کرے گی اسے اسی زبان میں جواب دیں گے، اگر عدالتیں شہباز شریف کو چوری سے بری قرار دے دیں تو ان کو اپوزیشن لیڈر مان لیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کشمیر، بلوچستان، پنجاب سمیت پورے ملک کی مقبول ترین شخصیت ہیں، وہ پورے ملک کے واحد قومی لیڈر ہیں ، پاکستان تحریک انصاف واحد قومی جماعت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالتوں نے (ن) لیگ کی نائب صدر کو جعلساز، چور، فریبی اور مکار عورت قراردیا، انہوں نے عدالت میں جعلی دستاویزات جمع کرائیں، آپ کا لیڈر جندال سے کاروباری ملاقاتیں کرتا تھا اور حریت رہنمائوں سے ملاقاتوں سے انکار کرتا تھا، وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے بارے میں پوچھنا ہے تو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے پوچھو۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ والے گالم گلوچ کرتے ہیں، (ن) لیگی خواتین کے بارے میں برے الفاظ نہیں کہنا چاہتا لیکن وہ جعلساز ہیں، ن لیگ چند اضلاع کی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جماعتوں نے ایک دوسرے پر الزام لگائے، انہوں نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے تصاویر پھنکیں اسے بھولنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک میں نمل اور القادر یونیورسٹیاں قائم کی ہیں، نمل میں 90 فیصد اور القادر یونیورسٹی میں 100 فیصدمفت تعلیم دی جاتی ہے، وزیراعظم عمران خان سے پوچھنا ہے تو ان طلبا سے پوچھو، وزیراعظم عمران خان نے تین کینسر ہسپتال بنائے، وزیراعظم عمران خان سے پوچھنا ہے تو ان مریضوں سے پوچھو، جن کا مفت علاج ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب نے وزیر اطلاعات اور پی آئی ڈی کے فنڈز اپنے گھر پر خرچ کئے، ان کا بھی احتساب ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی اعلیٰ عدالتوں نے آپ کو مکار، فریبی، جعلساز اور مجرم قرار دیا ہے، قطری آپ کے اے ٹی ایم ہیں، آپ کو اپارٹمنٹس قطریوں نے دیئے، انہوں نے کس بنیاد پر آپ کو اپارٹمنٹ دیئے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر نہیں مانتے، اگر عدالتیں شہباز شریف کو بری قرار دے دیں تو اپوزیشن لیڈر مان لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب اقتدار میں آئے تو تباہ حال معیشت وراثت میں ملی۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی سے کورونا وائرس کی وبا کے اثرات سے نکل آئے ہیں، کورونا وائرس کی وبا کی لہر اومیکرون سے بھی قوم متحد ہو کر نمٹ رہی ہے، عالمی ادارے ملکی معیشت کے استحکام کا اعتراف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے ملازمین کے اکائونٹس میں 16 ارب روپے آئے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی خواتین جو زبان استعمال کر رہی ہیں ایسی خؒواتین پی ٹی آئی میں نہیں ہیں جو جھوٹ بول سکیں، ہماری خواتین بہت مہذب ہیں، آپ کا لہجہ اور کرپشن قیادت ہماری خواتین کا وطیرہ نہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں