فضل الرحمان اور نواز شریف کا حکومت مخالف تحریک تیز کرنے پر اتفاق

پی ڈی ایم پلیٹ فارم سے جو بھی فیصلہ کیا جائے گا ن لیگ ساتھ دے گی‘ سابق وزیراعظم کی پی ڈی ایم سربراہ کو یقین دہانی ، ٹیلیفونک رابطے میں لانگ مارچ اور ان ہاؤس تبدیلی سمیت مختلف اہم قومی امور پر صلاح مشورے کیے گئے

Sajid Ali ساجد علی منگل 25 جنوری 2022 12:12

فضل الرحمان اور نواز شریف کا حکومت مخالف تحریک تیز کرنے پر اتفاق
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 جنوری 2022ء ) اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے حکومت مخالف تحریک کو تیز کرنے پر اتفاق کرلیا ۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا ، دونوں رہنماؤں کی ملکی سیاسی صورتحال اور پی ڈی ایم کی تحریک پر مشاورت کی ، لانگ مارچ اور ان ہاؤس تبدیلی سمیت مختلف اہم قومی امور پر بھی صلاح مشورے ہوئے ، اس دوران مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف کا حکومت مخالف تحریک کو تیز کرنے پر اتفاق کیا ۔

معلوم ہوا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف کو آج کے پی ڈی ایم اجلاس کے ایجنڈے پر اعتماد میں لیا ، اس موقع پر نواز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ پی ڈی ایم پلیٹ فارم سے جو بھی فیصلہ کیا جائے گا ن لیگ ساتھ دے گی ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پاکستان تحریک انصااف کی حکومت کے خلاف تحریک کے لیے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے سفارشات تیار کرلیں ، جن میں کہا گیا ہے کہ 23 مارچ کے لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل نہیں ہونی چاہیے‘ فارن فنڈنگ کیس کے جلد فیصلے کے لیے معاملہ اٹھایا جائے‘ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کا معاملہ سربراہی اجلاس پر چھوڑ دیا گیا ۔

پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا ورچوئل اجلاس سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہوا ، جہاں اسٹیئرنگ کمیٹی نے سربراہی اجلاس کے لیے سفارشات کو حتمی شکل دی ، اجلاس میں مولانا عبدالغفور حیدری ، میر کبیر ، احسن اقبال ، عبدالکریم ، سکندر شیرپاؤ ، مریم اورنگزیب ، شاہ اویس نورانی اور رحیم زیارت وال نے شرکت کی ۔ جنگ نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پی ڈی ایم اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان ، اسپیکر اور ڈپٹی کے خلاف عدم اعتماد کی تحاریک کا معاملہ سربراہی اجلاس پر چھوڑ دیا گیا ، اجلاس میں سفارش کی گئی کہ 23 مارچ کے لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل نہیں ہونی چاہیے ، تحریک انصاف کے کئی اکاؤنٹس خفیہ ہیں ، اس لیے فارن فنڈنگ کیس کے جلد فیصلے کے لیے معاملہ اٹھایا جائے ، الیکشن کمیشن کے باہر فارن فنڈ کیس پر احتجاج کی سفارش بھی کی گئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں