عمران خان نے اپنی حکومت میں کابینہ ارکان کو عہدوں سے ہٹانے میں گذشتہ حکومتوں کو پیچھے چھوڑ دیا

عمران خان حکومت میں ریکارڈ کابینہ ارکان کو عہدوں سے ہٹایا گیا،بیرسٹر شہزاد اکبر کا وزیراعظم کے مشیر کے عہدے سے مستعفی ہونا یا انہیں عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد یہ تعداد تقریبا دو درجن کے قریب پہنچ گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 25 جنوری 2022 12:18

عمران خان نے اپنی حکومت میں کابینہ ارکان کو عہدوں سے ہٹانے میں گذشتہ حکومتوں کو پیچھے چھوڑ دیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 25 جنوری2022ء) وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت میں کابینہ ارکان کو عہدوں سے ہٹانے میں گذشتہ تمام حکومتوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔جیوز نیوز کے مطابق عمران خان حکومت میں ریکارڈ کابینہ ارکان کو عہدوں سے ہٹایا گیا۔بیرسٹر شہزاد اکبر کا وزیراعظم کے مشیر کے عہدے سے مستعفی ہونا یا انہیں عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد یہ تعداد تقریبا دو درجن کے قریب پہنچ گئی ہے جو کہ کسی بھی حکومت کا ریکارڈ ہے۔

عمران خان کے ساڑھے تین سالہ اقتدار میں نہ صرف ریکارڈ تعداد میں وفاقی کابینہ ارکان کی تقرری کی گئی بلکہ وزراء، مشیروں اور وزیراعظم کے معاونین خصوصی کو عہدوں سے ہٹانے کی تعداد بھی ریکارڈ سطح پر بلند ہو چکی ہے۔جن کابینہ ارکان کو اب تک مختلف عہدوں سے ہٹایا گیا ان میں اسد عمر،ڈاکٹر وقار مسعود خان، عبدالحفیظ شیخ،ذوالفقار عباسی بخاری، فردوس عاشق اعوان،اعجاز شاہ، شہزاد اکبر، ندیم افضل چن، ڈاکٹر عشرت حسین، عاصم سلیم باجوہ،فیصل واوڈا، تابش گوہر،عامر محمود کیانی، ندیم بابر، ظفر مرزا،یوسف مرزا، تانیہ ایڈروس ، شزاد ارباب،شہزاد سید قاسم،غلام سرور، خالد مقبول صدیقی اور طاہر اے خان سمیت دیگر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ حال ہی میں شہزاد اکبر کو اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑا،ذرائع کے مطابق کچھ روزقبل وزیراعظم نے شہزاد اکبر سے عدالتوں میں مقدمات کی تفصیلات مانگیں، شہزاد اکبر نے جو تفصیلات وزیراعظم کو دیں وہ نامکمل تھیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ اور دستاویزات میں واضح فرق تھا، وزیراعظم کو بتائی گئی مقدمات کی ٹائم لائنز میں بھی فرق تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمات کی صورت حال اور وزیراعظم کودی گئی بریفنگ میں بھی تضاد تھا، دو روز قبل وزیراعظم نے شہزاد اکبر پر اظہار ناراضی کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں