وزیر خزانہ نے اگلے 3 ماہ تک بھی قیمتیں نیچے نہ آنے کی بری خبر سنادی

کورونا کی وجہ سے گروتھ ریٹ 5 اعشاریہ 8 سے گرکر 3 فیصد ہوا تو ملک میں مہنگائی بڑھ گئی‘ تنخواہ دار طبقہ اور لوئر اربن مڈل کلاس تکلیف میں ہے لیکن ہو سکتا ہے اگلے دو تین ماہ قیمتیں نیچے نہ آئیں ۔ شوکت ترین کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی بدھ 26 جنوری 2022 14:37

وزیر خزانہ نے اگلے 3 ماہ تک بھی قیمتیں نیچے نہ آنے کی بری خبر سنادی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 جنوری 2022ء ) وزیر خزانہ نے اگلے 3 ماہ تک بھی قیمتیں نیچے نہ آنے کی بری خبر سنادی ، سینیٹر شوکت ترین کہتے ہیں ہو سکتا ہے کہ اگلے دو تین ماہ تک قیمتیں نیچے نہ آئیں ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے بہت سے مشکلات کا سامنا رہا اور معیشت کی بہتری کے لیےآئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا ، حکومت پہلی بار گئی تو آئی ایم ایف نے سخت شرائط دیں ، اس کے باوجود وزیر اعظم نے ایک غیر مقبول لیکن اچھا فیصلہ کیا ، کورونا کی وجہ سے پوری دنیا میں اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا لیکن کورونا کے باوجود صنعتی پہیے کو رکنے نہیں دیا ، کورونا کے اثرات سے بچنے کے لیے ریلیف پیکجز دیے گئے ، دو کڑور گھرانوں کو احساس راشن کے تحت اشیا پر سبسڈی دیں گے ، کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت ماہانہ 10 ارب کے قرضے دیں گے ، اس وقت تنخواہ دار طبقہ اور لوئر اربن مڈل کلاس تکلیف میں ہے، تنخواہ دار اور لوئر مڈل کلاس کی آمدن بڑھانے کے اقدامات کریں گے لیکن ہو سکتا ہے کہ اگلے دو تین ماہ قیمتیں نیچے نہ آئیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ 2021 میں گروتھ ریٹ 5.37 فیصد رہی، کوئی بھی 5.37 فیصد گروتھ ریٹ کی توقع ہی نہیں کر رہا تھا ، اسٹیٹ بینک سے 2019 سے کوئی قرضہ نہیں لیا بلکہ اسٹیٹ بینک کو 18.5 ٹریلین روپے واپس کیے گئے ، ٹیکس محاصل ہدف سے 13 فیصد زیادہ رہے ، میرے خیال میں اس سال 5 فیصد تک گروتھ ہو گی ، 31 ارب ڈالر کی اشیاء اور ساڑھے 3 ارب ڈالر کی آئی ٹی ایکسپورٹ کریں گے۔

شوکت ترین نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں 90 فیصد تک بڑھ گئیں، تیل کی قیمتیں بڑھنے سے تجارتی خسارے میں اضافہ ہوگیا، افغان بحران کی وجہ سے بھی ہماری کرنسی پر دباؤ آیا تاہم معیشت درست سمت کی طرف گامزن ہے ، ہماری برآمدات 25 سے 29 فیصد بڑھ چکی ہیں ، ترسیلات زر اور آئی ٹی برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ، زرمبادلہ ذخائر میں زیادہ کمی بھی نہیں آئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں