کراچی میں پرامن مظاہرین پر پولیس کا ناروا تشدد انتہائی قابل مذمت ہے ، مخدوم شاہ محمود قریشی

پرامن احتجاج کو لاٹھیوں اور شلنگ کے ذریعے منتشر کرنا جمہوری حق کی نفی ہے، خالد مقبول صدیقی اور دیگر سے ٹیلیفونک گفتگو

جمعرات 27 جنوری 2022 21:34

کراچی میں پرامن مظاہرین پر پولیس کا ناروا تشدد انتہائی قابل مذمت ہے ، مخدوم شاہ محمود قریشی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2022ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کراچی میں پرامن مظاہرین پر پولیس کے ناروا تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوے کہا ہے کہ پرامن احتجاج کو لاٹھیوں اور شلنگ کے ذریعے منتشر کرنا جمہوری حق کی نفی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی رہنما و ممبر قومی اسمبلی خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق، ممبر قومی اسمبلی کشور زہرہ کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ میں کیا ۔

وزیر خارجہ نے ایم کیو ایم کے کارکن اسلم کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا ۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا پولیس تشدد سے ایم کیو ایم کے کارکن کی آنکھ کا ضیاع انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے، متحدہ قومی موومنٹ کی خواتین پر پولیس تشدد کی جسقدد مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

جس طرح ایم کیو ایم کے منتخب ایم پی اے کو کراچی کی سڑکوں پر گھسیٹا گیا وہ پوری قوم نے دیکھا۔

یہ افسوسناک واقعہ سے جمہوریت کے جھوٹے دعویداروں کی قلعی کھل گئی۔ انہوں نے کہا آئے روز جمہوریت کا درس دینے والوں کا اصل چہرہ سب نے ٹی وی سکرینز پر دیکھا۔ سندھ کا بلدیاتی قانون، ماسوائے پیپلزپارٹی، تمام جماعتیں مسترد کر چکی ہیں۔ حتی کہ پی ڈی ایم میں شامل پاکستان مسلم لیگ نون بھی مسترد کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا اس قانون کے خلاف اسمبلی کے اندر احتجاج اور اسمبلی کے باہر جماعت اسلامی کا دھرنا مسلسل جاری ہے۔ سندھ کا بلدیاتی نظام، عوام کے درمیان مذاق بن کر رہ گیا ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین کی حیثیت سے، اس قانون کی فوری تبدیلی پر زور دیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں