ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی سے نجات دلانے کے عزم پر قائم ہیں ، وزیراعظم

ہمارے بہادرسپاہی ہمیں دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کے لئے مسلسل اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں‘ کیچ میں شہید ہونے والے 10 فوجی جوانوں کوسلام پیش کرتا ہوں ۔ وزیراعظم عمران خان کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 28 جنوری 2022 11:17

ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی سے نجات دلانے کے عزم پر قائم ہیں ، وزیراعظم
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 جنوری 2022ء ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے بہادرسپاہی ہمیں دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کے لئے مسلسل اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں ، ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی سے نجات دلانے کے عزم پر قائم ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ان 10 شہید فوجی جوانوں کوسلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے کیچ بلوچستان میں چیک پوسٹ پردہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا ، ہمارے بہادرفوجی ہمیں دہشت گردوں سے محفوظ رکھنے کے لئے مسلسل اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں ، ہم پاکستان کو ہر قسم کی دہشت گردی سے نجات دلانے کے اپنے عزم پر قائم ہیں۔

 
 
خیال رہے کہ بلوچستان کے ضلع کیچ میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 10 جوان شہید ہوگئے ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے ایک افسوسناک خبر دی گئی ، جس میں آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 25 اور 26 جنوری کی درمیانی شب کیچ کے علاقے میں دہشت گردوں کی جانب سے سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا، اس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 10 جوان جام شہادت نوش کر گئے، اس دوران جوابی کاروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ، چیک پوسٹ حملے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد گرفتار بھی کیے گئے جب کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے ، مسلح افواج دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، ہر قیمت پر دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں