صحافی سمیع ابراہیم کو ایف آئی اے نوٹس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست نمٹا دی گئی

ابھی تک ایف آئی آر رجسٹرڈ نہیں ہوئی، معاملہ انکوائری میں ہے، انکوائری تو ایس او پیز کے تحت ہی چلے گی، چیف جسٹس

پیر 16 مئی 2022 16:15

صحافی سمیع ابراہیم کو ایف آئی اے نوٹس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست نمٹا دی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2022ء) صحافی سمیع ابراہیم کو ایف آئی اے نوٹس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست نمٹا دی گئی۔ پیر کو چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سمیع ابراہیم کی والدہ کی درخواست پر سماعت کی۔سمیع ابراہیم اور پٹیشنر کے وکیل راجا عامر عباس عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ڈپٹی اٹارنی جنرل سید طیب شاہ اور ایف آئی اے کے ڈائریکٹر عدالت میں پیش ہوئے ۔

وکیل نے کہاکہ ایف آئی اے نے کہا کہ متاثرہ شخص کی جانب سے پٹیشن داخل نہیں کرائی گئی اس لیے قابل سماعت نہیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ پٹیشنر نے جو اس وقت پٹیشن داخل کی انہیں خطرہ تھا کہ وطن واپسی پر گرفتار کیا جا سکتا ہے، اب ایف آئی اے نے کہہ دیا کہ مقدمہ درج ہی نہیں ہوا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ ابھی تک ایف آئی آر رجسٹرڈ نہیں ہوئی، معاملہ انکوائری میں ہے، انکوائری تو ایس او پیز کے تحت ہی چلے گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی اٹارنی جنرل سید طیب شاہ نے کہاکہ سمیع ابراہیم کو انکوائری میں شامل ہونے کی ہدائت کی جائے، ان کی وڈیوز کا ٹرانسکرپٹ میرے پاس موجود ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ پیکا کے تحت کارروائی کے دوران پی ایف یو جے کے ارکان کو بھی آگاہ کر دیں کہ کیا الزامات ہیں، عدالت نے پہلے ہی صحافیوں کے حوالے سے احکامات جاری کیے ہیں کہ جرنلسٹ باڈیز کو آگاہ کریں۔

وکیل درخواست گزار راجہ عامر عباس نے کہاکہ سب کے لیے ایک پیمانہ ہونا چاہیے ،ایف آئی اے کی کارروائی بلا تفریق نہیں،نجم سیٹھی بہت کچھ کہہ رہے ہیں مگر کارروائی نہیں ہوتی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ ان کی وڈیو کا ٹرانسکرپٹ اور مواد بھی ہمیں دے دیں، اس پر بھی قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ اگر کوئی کسی کے بارے میں کچھ غلط کہتا ہے تو پی ایف یو جے اسے ڈیفنڈ تو نہیں کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں