کاروبار کیلئے سازگار ماحول مہیاء کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے وفد سے گفتگو

پیر 16 مئی 2022 21:26

کاروبار کیلئے سازگار ماحول مہیاء کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے وفد سے گفتگو
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2022ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کاروبار کے لئے سازگار ماحول مہیاء کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملکی معیشت کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، معیشت میں تاجر برادری کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ندیم رئوف کی قیادت میں ملاقات کے لئے آئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وفد میں راولپنڈی چیمبر کے گروپ لیڈر سہیل الطاف، سمال چیمبر کے صدر شیخ آصف ادریس اور چیمبر ممبر اکرام عباسی شامل تھے۔ مریم اورنگزیب نے معیشت کی بحالی کے لئے نجی شعبے اور چیمبر آف کامرس کی تجاویز کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی چیمبر کے زیر اہتمام جیمز، جیولری اور فیشن نمائش کا انعقاد خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر راولپنڈی چیمبر کے صدر ندیم رئوف نے وفاقی وزیر اطلاعات کو چیمبر کی جاری سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات کو بتایا کہ 20 سے 22 مئی تک منعقد ہونے والی جیمز اینڈ جیولری نمائش میں پچاس سے زائد سٹال لگائے جائیں گے، نمائش میں ملک بھر سے نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں جبکہ نمائش کے موقع پر کانفرنس اور بی ٹو بی ملاقاتوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش کا مقصد ایس ایم ای شعبے کو ترقی دینا اور قیمتی پتھروں کے کاروبار کو فروغ دینے کیلئے مقامی تاجروں اور صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں