پنجاب اسمبلی کے 25 منحرف پی ٹی آئی اراکین کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ محفوظ

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ایم پی ایز کی نااہلی کے لیے بھیجے گئے ریفرنس پر سماعت مکمل ہوگئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 17 مئی 2022 14:31

پنجاب اسمبلی کے 25 منحرف پی ٹی آئی اراکین کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ محفوظ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 مئی 2022ء ) الیکشن کمیشن نے 25 منحرف اراکین پنجاب اسمبلی کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ محفوظ کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں منحرف ایم پی ایز اور پی ٹی آئی وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے 25 منحرف ارکان کی نااہلی کے لیے بھیجے گئے ریفرنس پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے فیصلہ کل 12 بجے سنایا جائے گا ۔

اس سے پہلے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے 20 منحرف اراکین قومی اسمبلی کو نا اہل کرنے کی استدعا مسترد کردی تھی ، الیکشن کمیشن نے منحرف اراکین کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے دائر کیے گئے ریفرنسز پر فیصلہ سنا یا ، جس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسپیکر کی جانب سے بھیجے گئے ریفرنسز خارج کردیے اور منحرف اراکین کو نا اہل کرنے کی استدعا مسترد کردی گئی۔

(جاری ہے)

جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے منحرف اراکین سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ، پی ٹی آئی رہنماء سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ متوقع تھا اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے ، اس کے علاوہ الیکشن کمیشنر کے خلاف سپریم جوڈیشیل کونسل میں ریفرنس دائر کریں گے کیوں کہ الیکشن کمیشن ن لیگ کی بی ٹیم بن چکا ہے ، الیکشن کمیشن کا فیصلہ احمقانہ ہے ، اس طرح کی لاقانونیت کے خلاف تحریک انصاف میدان میں آئے گی اور یہ جنگ عوام کے ساتھ جیت کر دکھائیں گے ۔

سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر نے الیکشن کے فیصلے کو انتہائی جانبدارانہ اور متعصبانہ قرار دیا جب کہ سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ فیصلہ ضمیر فروشی، اور ہارس ٹریڈنگ کو حلال قرار دینے کا پروانہ ہے ، اسی طرح سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے لگ رہا ہے کہ آئین پر عمل نہیں کیا جا رہا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں