مارگلہ کے جنگلات میں آگ لگانے کے پیچھے ٹک ٹاکر نکلے

2 نوجوانوں کی لائیٹر سے جنگل میں آگ لگانے کی ویڈیوز سامنے آ گئیں،معروف خاتون ٹک ٹاکر کی بھی مارگلہ پہاڑیوں پر آگ کے دوران بنائی گئی ٹک ٹاک ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل، صارفین کا سخت ردِعمل

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 17 مئی 2022 16:50

مارگلہ کے جنگلات میں آگ لگانے کے پیچھے ٹک ٹاکر نکلے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 مئی 2022ء ) مارگلہ کے جنگلات میں آگ لگانے کے پیچھے ٹک ٹاکرز نکلے۔جنگلات میں آگ لگانے والے 2 نوجوانوں کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ویڈیو میں ٹک ٹاکرز کو لائیٹر سے آگ لگاتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ایک اور ویڈیو میں معروف خاتون ٹک ٹاکر بھی مارگلہ پہاڑیوں پر آگ کے دوران ٹک ٹاک بناتی نظر آ رہی ہیں۔ مارگلہ ہلز میں اتوار کی شام آگ بھڑک اٹھی تھی جو کئی گھنٹوں تک لگی رہی تھی۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد وائلڈ لائف کے مطابق آگ لگانے والے ٹک ٹاکرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔وائلڈ لائف کے مطابق آسٹریلیا میں جنگلات کو آگ لگانے کی سزا عمر قید ہے۔پاکستان میں بھی سخت قانون لانے کی ہدایت کی گئی۔

(جاری ہے)

جب کہ سوشل میڈیا پر ویڈیوز سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے سخت ردِعمل کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے اور متعلقہ حکام سے مذکورہ ٹک ٹاکرز کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

صارفین نے ٹک ٹاکرز کو سزا دینے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔
۔اس سے قبل ایبٹ آباد میں محکمہ جنگلات و وائلڈ لائف ایبٹ آباد ریجن نے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی خاطر جنگل کو آگ لگانے والے نوجوان کو گرفتار کیا تھا۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ ایبٹ آباد میں نوجوان نے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی خاطر جنگل کو ہی آگ لگا دی۔

نوجوان قیمتی درخت کو آگ لگا کر ویڈیو بناتا رہا۔ویڈیو جب منظر عام پر آئی تو محکمہ جنگلات و وائلڈ لائف حرکت میں آگیا اور کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد انتظامیہ نے نوجوان کو گرفتار کر لیا۔محکمہ جنگلات و وائلڈ لائف کے حکام کے مطابق ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کے لیے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔سوشل میڈیا پر بھی صارفین کی جانب سے نوجوان کی اس حرکت پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔
۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں