حالیہ پولیو کیسز کی دریافت تشویش ناک ہے، شہباز شریف

تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے نئے جذبے اور ولولے سے کام کرنے کی اشد ضرورت ہے، وزیر اعظم

بدھ 18 مئی 2022 23:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2022ء) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ پولیو کیسز کی دریافت تشویش ناک ہے۔تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے نئے جذبے اور ولولے سے کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدار ت قومی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس منعقد ہوا ۔ ملک میں حالیہ 3 پولیو کیسز کی رپورٹنگ کے بعد وزیراعظم نے ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا ۔

اجلاس میں انسداد پولیو کے حوالے سے حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس میں وفاقی وزرائ مریم اورنگزیب، عبدالقادر پٹیل، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز (ویڈیو لنک), وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس، وزیر صحت بلوچستان احسان شاہ، صوبائی چیف سیکریٹریز اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندے شریک ہوے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا حالیہ پولیو کیسز کی دریافت تشویش ناک ہے۔ انہوں نے کہا تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول وفاقی اداروں، صوبائی حکومتوں اور بین الاقوامی اداروں نے ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے محنت کی اور گراں قدر خدمات انجام دیں۔تاہم پولیو کا چیلینج ابھی موجود ہے جس کے خاتمے کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد اور تعاون کی یقین دہانی کراتا ہوں۔

انہوں نے کہا حکومت پاکستان بین الاقوامی اداروں بشمول ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن اور دیگر اداروں کا انسداد پولیو مہم کے لیے تکنیکی اور مالی امداد پر شکر گزار ہے۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا اس سال اپریل اور مئی کے مہینوں میں 3 پولیو کیسز شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہوئے۔ فروری 2021 تا مارچ 2022 (14 ماہ) کے دوران کوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

اجلاس میں تیمور سلیم جھگڑا، صوبائی وزیر صحت خیبرپختونخواہ بھی بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے 25 اضلاع پولیو وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے ہائی رسک ہیں۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تمام صوبائی حکومتیں انسداد پولیو مہم پر بھرپور توجہ دیں۔ انہوں نے کہا بین الاقوامی پارٹنرز کے ساتھ اشتراک جاری رہے گا تاکہ پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے نئے جذبے اور ولولے سے کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں