شاہد خاقان عباسی کی ڈالر بچانے کیلئے لوڈ شیڈنگ کرنے کی تجویز

ایک گھنٹہ لوڈ شیڈنگ کرکے سوا سو ملین ڈالر بچا سکتے ہیں‘ اگر ڈالر بچانے ہیں تو پھر ایک دو گھنٹے لوڈ شیڈنگ کرنی پڑے گی ۔ سابق وزیراعظم کی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 19 مئی 2022 11:22

شاہد خاقان عباسی کی ڈالر بچانے کیلئے لوڈ شیڈنگ کرنے کی تجویز
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 19 مئی 2022ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء شاہد خاقان عباسی نے ڈالر بچانے کے لیے لوڈ شیڈنگ کرنے کی تجویز دے دی ۔ تفصیلات کے مطابق سماء نیوز کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ صفر کی جاسکتی ہے لیکن اس کے لیے ہر ایک گھنٹے میں سوا سو ملین ڈالر چاہیے ، اگر ایک مہینے کے لیے ایک گھنٹہ لوڈ شیڈنگ کم کرنی ہے تو اس کے لیے سوا سو ملین ڈالر کی ضرورت ہے ، اگر آپ نے ڈالر بچانے ہیں تو پھر آپ کو ایک دو گھنٹے لوڈ شیڈنگ کرنی پڑے گی ۔


سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم حکومت میں ہیں اور ہمیں 4 ہفتے ہوئے ہیں حکومت کوشش کر رہی ہے جس کے لیے آپ کو پہلے حالات کو سمجھنا پڑتا ہے تاکہ آپ کو پتہ چلے کہ مسائل کیا ہیں ، اس دوران میں پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کو بہت غور سے دیکھتا رہا لیکن آپ یقین کریں جو اصل حالات تھے وہ میرے اندازے سے بہت زیادہ برے تھے ، اس وقت پٹرول کی قیمت میں 47 روپے اور ڈیزل میں 90 روپے فی لٹر اضافے کی ضرورت ہے ، کیا آپ کرسکتے ہیں؟ کیا عوام پر یہ بوجھ ڈال سکتے ہیں؟ اس کے لیے تمام معاملات دیکھ کر فیصلے کرنے پڑتے ہیں ۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ حکومت ڈالر کے پر کاٹنے میں مسلسل ناکام دکھائی دے رہی ہے ‘ جس کی وجہ سے امریکی کرنسی کی اونچی پرواز جاری ہے اور آج اس نے انٹربینک میں بھی ڈبل سینچری مکمل کرلی ، جمعرات کے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کاروبار کے ابتدائی گھنٹوں میں ہی 1 روپیہ 61 پیسے مہنگی ہوگئی اور 200 روپے 20 پیسے پر ٹریڈ کرنے لگی اور ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ ڈالر کی قیمت انٹربینک میں بھی 200 روپے سے اوپر چلی گئی کیوں کہ ڈالر انٹر بینک میں مسلسل گیارہویں روز مہنگا ہوا ہے اور نئی حکومت میں اب تک 17روپے سے زائد مہنگا ہوچکا ہے ۔

گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر نے ڈبل سینچری کی تھی ، امریکی کرنسی کی بڑھتی ہوئی قیمت کے حوالے سے ماہر معاشیات اور سابق ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ اس وقت ڈالر کی قیمت 180 سے نیچے ہونی چاہئیے تھی لیکن ملک میں عدم استحکام کی وجہ سے ڈالر کی قدر بڑھی ، فیصلہ سازی نہ ہونے سے زرِ مبادلہ جا رہا ہے مگر ملک میں نہیں آ رہا اور ڈالر مہنگا ہونے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا ۔

ادھر پاکستان کے چیف اکانومسٹ ڈاکٹر زبیر خان عہدے سے مستعفی ہو گئے ، پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی طرف سے سرکاری اعداد و شمار میں ہیر پھیر کو ڈاکٹر زبیر خان کے مستعفی ہونے کی وجہ قرار دے دیا ، اس حوالے سے پی ٹی ائی رہنماء اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہار نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے اشتہاروں کی طرح سرکاری اعدار و شمار میں بھی جھوٹ بولنے کی کوشش کی ، اس کے نتیجے میں پاکستان کے جیف اکانامسٹ ڈاکٹر زبیر خان نے اپنے منصب سے استعفی دے دیا ۔ 

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں