وزیر خارجہ کا اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل پر زور

جمعرات 19 مئی 2022 20:29

وزیر خارجہ کا اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل پر زور
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2022ء) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے پر زور دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وزیر خارجہ نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر عبداللہ شاہد سے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دیرپا امن تب ہی ممکن ہو گا جب دیرینہ تنازعہ حل ہو جائے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کی طرف سے 5 اگست 2019 سے مقبوضہ جموں و کشمیر می اٹھائے گئے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کو مقبوضہ علاقے میں انتخابی حد بندی کی غیرقانونی مشق کے بارے میں آگاہ کیا جس کا مقصد مقبوضہ علاقے کی آبادیاتی حیثیت پر اثر انداز ہونا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی طرف سے 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے طور پر تسلیم کرنے کو سراہا۔ انہوں نے اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لیے متفقہ لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے جنرل اسمبلی کے صدر کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں