عمران خان!عوام کو احتجاج سے کوئی فرق نہیں پڑتا الیکشن کی گردان بند کردیں

الیکشن کب ہوں گے اس کا فیصلہ حکومتی جماعتیں کریں گی،حکومت منحرف ارکان کے نہیں اتحادیوں کے ووٹوں سے بنی ہے، یہ عدم اعتماد سے بننے والی آئینی حکومت ہے۔وفاقی وزیراطلاعات کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 19 مئی 2022 18:04

عمران خان!عوام کو احتجاج سے کوئی فرق نہیں پڑتا الیکشن کی گردان بند کردیں
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19مئی 2022ء) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الیکشن کب ہوں گے یہ فیصلہ حکومتی جماعتیں کریں گی،حکومت منحرف ارکان کے نہیں اتحادیوں کے ووٹوں سے بنی ہے، یہ عدم اعتماد سے بننے والی آئینی حکومت ہے، کسی منحرف رکن نہیں ووٹ نہیں دیا، عمران خان!عوام کودھرنوں اور احتجاج سے کوئی فرق نہیں پڑتا الیکشن کی گردان بند کردیں۔

انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے تاریخی میٹنگ کی، جس میں معاشی پلان وضع کیا گیا،4ہفتے کی حکومت سے سوال کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے،چار سال میں ملکی معیشت کو تباہ کیا گیا ۔پی ٹی آئی کی حکومت میں ڈالر189روپے کا تھا، ن لیگ کی حکومت ختم ہوئی تو ڈالر115روپے کا تھا، 25 ہزارارب 47کروڑقرض لیا گیا، قرض کو27ہزار ارب سے بڑھ کر43ہزار ارب ہوگیا ہے،مہنگائی آئی ایم ایف معاہدوں کی وجہ سے ہے، جس پر عمران خان نے دستخط کیے، 90 دنوں میں کرپشن ختم کرنے والوں نے مہنگائی میں اضافہ کیا، کارٹل مافیا نے عوام کو لوٹا، معاشی پلان بنایا گیا ہے جس سے معیشت مضبوط ہوگی، کل فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں کل پہلی بارغیرضروری لگژری آئٹمزکی امپورٹ پرمکمل پابندی لگائی جارہی ہے، امپورٹڈ گاڑیوں پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے، تزئین وآرائش کی چیزیں شامل ہیں،فرنیچر، امپورٹڈ موبائل فونز،اسلحہ ، جوتے،میک اپ ، شیمپوز، سلیپنگ بیڈز، فش،سن گلاسز، فروزن فوڈز اور ڈرائی فروٹس سمیت تمام غیرضروری اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کردی گئی ہے، فیصلہ کیا گیا ملک کے اپنے وسائل پر انحصار کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ ایک ایمرجنسی کی صورت ہے، پاکستانیوں کو قربانی دینا پڑے گی،ایک کارٹل مافیا خاص طبقے کو فائدہ پہنچانے کیلئے ملک پر مسلط تھا،یہ ان کا اعمال نامہ اور معاشی دہشتگردی تھی،یہ اقدامات اور مالی انتظامات، ان چیزوں پر 2ماہ کیلئے پابندی لگائی گئی ہے، اس 6بلین ڈالر سالانہ اثر پڑے گا، امپورٹ کو کم اور ایکسپورٹ کو بڑھایا جارہا ہے۔آج توانائی سے متعلق میٹنگ ہورہی ہے، اس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اور ان کا اثر کس طرح کم کرسکتے ہیں اس پر غور کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صبح دوپہر شام وہ ٹولہ جو چار سال ملک پر مسلط رہا، عمران خان کی چار سال وفاق اور نو سال خیبرپختونخواہ میں حکومت رہی لیکن نیب کا تالہ لگا دیا گیا،2.3فیصد سے 16فیصد مہنگائی آپ نے کی، عدم اعتماد کو دیکھ کر پیٹرول کی قیمت پران فنڈڈ سبسڈی دی جو کہ معیشت کے ساتھ کھلواڑ تھا، تاکہ آئندہ حکومت کیلئے جال بچھایا جائے، آپ نے آئی ایم ایف معاہدے پر دستخظ کیے، ان نااہلوں اور سازشیوں کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالیں گے، چینی کو ایکسپورٹ کیا پھر امپورٹ کیا گیا، ان کو شرم نہیں آتی ،الیکشن وہ کرائیں گے جو ملک اور عوام کو ریلیف دینا جانتے ہیں، الیکشن کرانا فیصلہ حکومت کا ہے، اگر آپ نے الیکشن کرانا ہوتا تو عدم اعتماد سے پہلے الیکشن کرا دیتے ، آپ اتحادیوں کی بل بوتے پر اقتدار سے چمٹے رہے، عدالتیں آئین شکنی اور پارلیمان پر حملہ کرنے پر کھلی، دو ہفتے سپریم کورٹ کو دھمکیاں دی گئیں، جب فیصلہ حق میں آئے تو ٹھیک، ورنہ دھمکیاں دو، پاکستان کی عوام کو بے روزگاری ، مہنگائی سے نکال سکتا ہے تو وہ موجودہ حکومت ہے، آج کا اقدام وزیراعظم نے دن رات بیٹھ کر اٹھایا، اس کو ٹی وی سے ڈالر بڑھنے کا پتا نہیں چلتا، وزیراعظم روز آٹا، آلو ، پیاز ٹماٹر چینی کو سستا کرنے آیا ہے، مہنگائی کو کم کرنے کیلئے دن رات محنت کی جارہی ہے۔

آپ جتنا مرضی شور کریں، دھمال ڈالیں عوام جانتے ہیں آپ کا مقصد ملک انتشار پھیلانا ہے۔آپ نے ریاستی اداروں اور طاقت کا استعمال کرکے سیاستدانوں اور میڈیا نمائندوں کو جیل میں ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت منحرف ارکان کے نہیں اتحادیوں کے ووٹوں سے بنی ہے، یہ عدم اعتماد کے ذریعے آئینی حکومت بنی ہے، سازشی خط والا ڈرامہ ختم ہوگیا ہے، الیکشن کرانے کا فیصلہ حکومت اور اتحادیوں کا ہوگا، عمران خان کے پاس الیکشن کرانے کا حق عدم اعتماد سے پہلے تھا، اس لیے الیکشن کرانے کی گردان بند کردیں، دھرنوں اور احتجاج سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں