امپورٹڈ حکومت کی صفوں میں حج پر ہاتھ صاف کرنے والے مصدقہ ڈاکو موجود ہیں، پیر نور الحق قادری

سیاسی بے راہ روی کیطرح امپورٹڈ حکومت کے زیرِ سایہ حج جیسی مقدس عبادت کے انتظامات پر بھی شکوک و شبہات کے گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں، سابق وزیر

جمعہ 20 مئی 2022 14:53

امپورٹڈ حکومت کی صفوں میں حج پر ہاتھ صاف کرنے والے مصدقہ ڈاکو موجود ہیں، پیر نور الحق قادری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) سابق وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری نے کہاہے کہ امپورٹڈ حکومت کی صفوں میں حج پر ہاتھ صاف کرنے والے مصدقہ ڈاکو موجود ہیں۔ اپنے بیان میں نور الحق قادری نے کہاکہ امپورٹڈ حکومت کی صفوں میں حج پر ہاتھ صاف کرنے والے مصدقہ ڈاکو موجود ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حج کے شفاف اور معیاری انتظامات وزارتِ مذہبی امور کا بنیادی فریضہ ہے۔

انہوںنے کہاکہ سیاسی بے راہ روی کیطرح امپورٹڈ حکومت کے زیرِ سایہ حج جیسی مقدس عبادت کے انتظامات پر بھی شکوک و شبہات کے گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ سابق وزیر نے کہاکہ حج پالیسی کی وفاقی کابینہ سے منظوری اہم تقاضا ہے، یہ اعزاز بھی امپورٹڈ سرکار کے حصے میں آیا ہے کہ پہلی مرتبہ حج پالیسی کو وفاقی کابینہ سے منظور نہیں کروایا گیا۔

(جاری ہے)

سابق وزیر نے کہاکہ وزارت مذہبی امور کو امپورٹڈ سرکار کی صفوں میں ایک سیاسی جماعت کے فرزند کی مرضی پر چھوڑ دیا گیا ہے،مولانا فضل الرحمان کے فرزند کو مواصلات کے ساتھ مذہبی امور کی وزارت ایک کے ساتھ ایک مفت والے فارمولے پر عنایت کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ سرکاری حج سکیم میں 16 ہزار کی ہرا پھیری کی اطلاعات شرمناک اور قابلِ تشویش ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ایک جانب کہا جارہا ہے 81132 افراد کا کوٹہ حکومتِ پاکستان کو دیا گیا ہے، دوسری جانب حکومتی پریس کانفرنس کے حوالے سے اخبارات کی شہ سرخیاں چیخ رہی ہیں کہ سرکاری سکیم کے تحت 32253 افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ نور الحق قادری نے کہاکہ طے شدہ فارمولے کے تحت حکومت پاکستان کو دیے گئے کوٹے میں 60% سرکار جبکہ 40% نجی شعبے کو دئیے جاتے ہیں،طے شدہ فارمولے کے مطابق 16000 سے زائد کا سرکاری سکیم میں کوئی سراغ دستیاب نہیں۔

سابق وزیر نے کہاکہ امپورٹڈ سرکار بتائے کیا 40% کوٹے کے علاوہ ان 16 ہزار سے زائد درخواستوں کو بھی نجی شعبے میں بیچ کر جیبیں بھرنے کی تیاریاں ہیں، ضمیر فروشی کی بنیادوں پر استوار امپورٹڈ حکومت کو حج بیچنے کی قطعاً اجازت نہیں دیں گے۔ سابق وزیر نے کہا کہ امپورٹڈ سرکار فوری وضاحت کرے وگرنہ اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں