الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے تحریک انصاف کے 25 ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کا ریفرنس منظور کر لیا

جمعہ 20 مئی 2022 16:45

الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے تحریک انصاف کے 25 ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کا ریفرنس منظور کر لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے تحریک انصاف کے 25 ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کا ریفرنس منظور کر لیا، 5 مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان سمیت 25 ارکان کی اسمبلی رکنیت ختم کر دی گئی۔ الیکشن کمیشن نے جمعہ کو پنجاب اسمبلی کے تحریک انصاف کے 25 ارکان کے خلاف سپیکر چوہدری پرویز الہٰی کی جانب سے بھجوایا گیا ریفرنس منظور کرتے ہوئے ان ارکان کو ڈی سیٹ کر دیا۔

انتخابی ایکٹ 2017ء کے تحت یہ ارکان اپنی ڈی سیٹ ہونے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر سکیں گے۔ الیکشن کمیشن کے تین رکنی بنچ نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں سپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے ان ارکان کے خلاف ریفرنس کی سماعت کرتے ہوئے منگل کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جو جمعہ کو سنا دیا گیا۔

(جاری ہے)

فلور کراسنگ پر جن ارکان کی رکنیت ختم کی گئی ہے ان میں پی پی 7 راولپنڈی سے راجہ صغیر احمد، پی پی 83 خوشاب سے ملک غلام رسول، پی پی 90 بھکر سے سعید اکبر خان، پی پی 97 فیصل آباد سے ملک اجمل، پی پی 158 لاہور سے عبدالعلیم خان، پی پی 167 لاہور سے نذیر احمد چوہان، پی پی 170 لاہور سے ملک امین ذوالقرنین، پی پی 202 ساہیوال سے ملک نعمان لنگڑیال، پی پی 217 ملتان سے محمد سلمان، پی پی 224 لودھراں سے زوار حسین وڑائچ، پی پی 228 لودھراں سے نذیر احمد خان، پی پی 237 بہاولنگر سے فدا حسین، پی پی 272 مظفر گڑھ سے زہرہ بتول، پی پی 282 لیہ سے محمد طاہر، پی پی 168 لاہور سے ملک اسد علی، پی پی 273 مظفر گڑھ سے محمد سبطین رضا، پی پی 288 ڈی جی خان سے محسن عطاء خان، پی پی 140 شیخوپورہ سے میاں خلیل محمود، پی پی 127 جھنگ سے مہر محمد اسلم، پی پی 125 جھنگ سے فیصل حیات، خواتین کی مخصوص نشستوں پر ایم پی اے عائشہ نواز، ساجدہ یوسف، عظمیٰ کار دار، اقلیتی نشست پر ایم پی اے ہارون عمران گل اور اعجاز مسیح شامل ہیں۔

الیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت الیکشن کمیشن کی جانب سے ریفرنس پر ایک ماہ میں فیصلہ لازمی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں