الیکشن کمیشن کے آج کے فیصلے سے ملک میں غلیظ سیاست کا باب بند ہوچکا ہے. اسدعمر

حمزہ شہباز نے جتنے غیر ضروری اخراجات اور دورے کیے ان کے پیسے بھی اب ان سے وصول کیے جائیں. فرح حبیب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 20 مئی 2022 17:39

الیکشن کمیشن کے آج کے فیصلے سے ملک میں غلیظ سیاست کا باب بند ہوچکا ہے. اسدعمر
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 مئی ۔2022 ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے آج کے فیصلے سے ملک میں غلیظ سیاست کا باب بند ہوچکا ہے، یہ پہلی بار نہیں ہوا، یہاں سیاسی جماعتیں حکومت کرتی رہی ہیں، جنہوں نے سیاست کو کاروبار کے طور پر استعمال کیا ہے.

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ملکی عوام نے جو بیرونی سازش دیکھی اس پر سب سے پہلے قوم نکلی اور ہم قوم کے پیچھے نکلے انہوں نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کسی کو یہ سمجھ نہیں آرہا کہ وزیر اعلیٰ کون ہے، گورنر کون ہے اور وفاق میں یہ بات کسی کو سمجھ نہیں آرہی کہ فیصلے کرنے کا اختیار کس کے پاس ہے.

اسد عمر نے کہا کہ ملک میں سیاست کرنے والی جماعتوں میں بیٹھے لوگ پیسہ لگاتے ہیں، پھر حکومت میں آتے ہیں یوں زیادہ سے زیادہ پیسہ کماتے ہیں، اس ملک میں رکن خریدے جاتے ہیں، سینیٹ کی نشستیں خریدی جاتی ہیں انہوں نے کہا کہ حکومتیں بدلنے کے لیے بولی لگا کر ضمیر خریدے جاتے ہیں، ملک میں اس طرح کی سیاست کے خلاف اولین جہاد عمران خان نے کیا ہے.

انہوں نے کہاکہ پہلے 63 اے کا جو فیصلہ آیا اور آج الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز کو ووٹ ڈالنے والے ”لوٹوں“ کو ڈی سیٹ قرار دے دیا ہے جو اب ایم پی اے نہیں رہے یہ دونوں فیصلے تحریک انصاف کی جیت ہیں پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ملک کے سیاستدانوں نے ان لوٹوں کو خریدنے کے لیے کروڑوں کی سرمایہ کاری کی اور وہ لوٹے اب کسی کام کے نہیں رہے، ہمیں امید ہے کہ ایسی سازشیں سب ختم ہوں گی اور اس سازش کے نتیجے میں جو تبدیلیاں آئی ہیں ان کو بھی ختم ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں.

انہوں نے کہا کہ آج کے فیصلے کے بعد کوئی جواز نہیں رہتا کہ پنجاب کی اسمبلی اس وقت کیوں چل رہی ہے، حمزہ شہباز کے 197 ووٹ تھے جن میں سے 25 ووٹ ایسے ہیں جن کی سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق گنتی ہی نہیں ہونی. انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو کہتے تھے ووٹ کو عزت دو، فوج کا سیاست میں مداخلت کا کوئی جواز نہیں وہ اب کہتے ہیں قومی سلامتی کا اجلاس بلاﺅ اور اس میں فیصلہ کرو کہ ایندھن کی قیمت کیا ہوگی، ملک میں مذاق چل رہا ہے، سب سے بڑی عسکری طاقت والے ملک کے ساتھ اس وقت جو مذاق چل رہا ہے اس کا اب کوئی جواز باقی نہیں بچا اسد عمر نے کہا کہ لوگ موجودہ حکومت کو مشورے دیتے ہیں کہ الیکشن نہ کراو¿ مگر اب مشوروں کا وقت ختم ہو چکا ہے قوم کو نئے انتخابات کی طرف لے جائیں جو ڈالر میں اضافے کا رونا روتے تھے اب ان کی حکومت میں ڈالر دو سو تک ہوگیا ہے، معیشت بیٹھ گئی ہے، معاشرے میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے.

سابق وزیرمملکت فرخ حبیب نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ نام نہادوزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے جتنے غیر ضروری اخراجات اور دورے کیے ان کے پیسے بھی اب ان سے وصول کیے جائیں، پاکستان میں چھانگا مانگا کی منڈیوں کا راستہ ہمیشہ کے لیے بند ہوگیا ہے انہوں نے کہا کہ آج ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے جنہوں نے پاکستان کی جمہوریت کو گدلا کیا، پنجاب کی حکومت تو فارغ ہو چکی اب وفاقی حکومت بھی فارغ ہوگی.

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک کا نقصان نہ کیا جائے بلکہ فی الفور انتخابات کیے جائیں، اب ضمیر فروشوں کا نہیں، پاکستانی عوام کا ووٹ کاسٹ ہوگا اور وہ ووٹ وزیر اعظم عمران خان کو ملے گا. قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دینے والے پی ٹی آئی کے 25 منحرف اراکین صوبائی اسمبلی کے خلاف ریفرنس منظور کرتے ہوئے انہیں ڈی سیٹ کردیا الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کی آرٹیکل 63 اے کی تشریح کی روشنی میں فیصلہ اتفاق رائے سے سنایا، تحریک انصاف کے منحرف ارکان پنجاب اسمبلی تاحیات نااہلی سے بچ گئے اور الیکشن کمیشن نے انہیں ڈی سیٹ کردیا.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں