مسلم لیگ ن سے نفرت اورغصہ میں عمران خان نے غریب عوام کے فلاح وبہبودکے اہم قومی منصوبوں کونقصان پہنچایا ، ملک میں سول وارکی کوشش عمران خان کی بھول ہے ، وزیراعظم محمد شہبازشریف کی لاہورمیں میڈیا سے گفتگو

اتوار 22 مئی 2022 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2022ء) وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہاہے مسلم لیگ ن سے نفرت اورغصہ میں عمران خان نے غریب عوام کے فلاح وبہبودکے اہم قومی منصوبوں کونقصان پہنچایاہے، سیاسی انتقام، گالم گلوچ اوردشنام طرازی کے علاوہ عمران خان کے پاس کچھ نہیں، ملک میں سول وارکی کوشش عمران خان کی بھول ہے ، قوم انہیں اس کی اجازت نہیں دے گی، لاکھوں افراد کی قربانیوں اورکروڑوں لوگوں کی دعاوں سے معرض وجودمیں آنیوالا پاکستان قائم و دائم رہے گا، جمہوریت ہوگی توملک مضبوط ہوگا اورہم آگے بڑھیں گا۔

اتوارکولاہورمیں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم محمدشہباز شریف نے کہاکہ پاکستان کڈنی اینڈلیورانسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹرکی صورتحال اوراس کوبہتربنانے کے حوالہ سے ان کی میٹنگ ہوئی ہے اورغریب اورنادارلوگوں کومفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کیلئے اہم فیصلے کیے گیے ، اس اسپتال میں ملک بھرسے مریض علاج کیلئے آسکیں گے، ڈاکٹ سعید اختربورڈآف گورنرکے چیئرمین ہوں گے۔

(جاری ہے)

ماضی میں ڈاکٹرسعیداختر کے ساتھ جو سلوک روا رکھا گیا ، جس طرح انہیں اسپتال سے فارغ کیاگیا اوراس عظیم اسپتال کوجس طرح بندکیاگیا وہ افسوسناک ہے۔ الحمدللہ ڈاکٹرسعید اخترواپس آئے ہیں اورمیں ان کااوران کی ٹیم کاشکریہ اداکرنا چاہتاہوں۔مجھے یقین ہے کہ دکھی انسانیت کے اس عظیم مقصدکیلئے ڈاکٹرسعید اخترکی دوبارہ اسپتال میں شمولیت سے اسپتال کی کارگردگی کو چارچاند لگیں گے۔

ڈاکٹرسعید اختراورپروفیسر ڈارکی سربراہی میں شاندارماہرین کی ٹیم اس قومی اسپتال کوچلائے گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ اسپتال میں 50 فیصدغریب اورسفید پوش لوگوں کامفت علاج ہوگا، 50 فیصد وہ صاحب حیثیت مریض جواپنا علاج برطانیہ اورامریکا سے کرسکتے ہیں، وہ یہاں فیس اداکرکے اپنا علاج کرسکیں گے، صاحب حیثیت مریضوں سے حاصل ہونے والی فیس غریب اورنادارلوگوں کے علاج پرخرچ ہوگی جبکہ پنجاب کی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سالانہ فنڈز اس کے علاوہ ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہاکہ اسی طرح نرسنگ یونیورسٹی کوایک سال میں مکمل کرنے کافیصلہ کیاگیاہے، ۔نرسنگ یونیورسٹی کے آغاز سے نہ صرف اسپتال بلکہ صوبہ بھرمیں نرسوں کی ضروریات کوپوراکرنے میں مددملے گی ۔ وزیراعظم نے کہاکہ گزشتہ ساڑھے تین برسوں میں ان منصوبوں کواس لئےترک کیاگیاتھا کیونکہ یہ منصوبے مسلم لیگ ن اورنوازشریف نے شروع کئے تھے، گزشتہ حکومت نے پوری کوشش کی کہ مسلم لیگ ن کے اچھے منصوبوں کوختم اورماہرین وشخصیات کوفارغ کیا جائے، مسلم لیگ ن سے نفرت اورغصہ میں عمران خان نے ان منصوبوں کونقصان پہنچایاہے، پاکستان کڈنی اینڈلیورانسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر پر قوم کے ٹیکسوں سے حاصل کردہ 30 ارب روپے خرچ کیے گئے تھے،اس زمانہ کے چیف جسٹس کئی بار یہاں آئے ، جوکچھ ہوا وہ قوم کے سامنے ہے، اسپتال میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی لیکن اسپتال کوبربادکردیاگیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ عمران خان کواپنے سیاسی مخالفین کودیوارسے لگانے اور انہیں جیلوں اورنیب کے عقوبت خانوں میں ڈالنے کی ہدایات سے فرصت نہیں تھی۔کاش ان کے پاس دکھی انسانیت کے زخموں پرمرہم لگانے کاوقت ہوتا اوروہ خود یہاں آتے ،میرا گزشتہ ایک ماہ میں اس اسپتال کایہ تیسرادورہ ہے۔عمران خان کے پاس کسی اسپتال، پانی، سیوریج کے منصوبہ اور عوامی ترقی وخوشحالی کیلئے وقت نہیں تھا۔

وزیراعظم نے کہاکہ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریوں اور50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیاتھا لیکن سیاسی انتقام، گالم گلوچ اوردشنام طرازی کے علاوہ ان کے پاس کچھ نہیں تھا۔کوئی اینٹ نہیں لگائی گئی ، ان کے دورمیں کئی لاکھ لوگ بے روزگارہوگئے۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کڈنی اینڈلیورانسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر ایک مثال ہے کہ دنیا بھرسے مایہ ناز سرجن، فزیشنز اورماہرین اپنے بھائیوں اورہم وطنوں کی خدمت کیلئے یہاں آئے تھے وہ اسی رویہ کی وجہ سے واپس چلے گئے کیونکہ عمران نیازی کوماسوائے گالی گلوچ اورکردارکشی کے علاوہ وقت نہیں تھا۔

وزیراعظم نے کہاکہ عمران خان نے اپنے پیاروں کو چینی برآمد کرکے اورونڈفال منافع کمانے کے مواقع دئیے جن کی دوبارہ درآمدپراربوں روپے کازرمبادلہ خرچ ہوا، اس صورتحال سے چینی 52 روپے کلو سے 100 روپے پرچلی گئی، ۔ وزیراعظم نے کہاکہ اللہ کاشکرہے کہ رمضان میں شہریوں کوسستاآٹا اورچینی دستاب رہی، اس وقت پورے پنجاب میں 490 روپے آٹے کاتھیلہ مل رہاہے، اس پرحکومت اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے، کوئی مجھے بتائے کہ جوشخص نیا پاکستان ، نئی امید اورصاف شفاف چلی کی بات کرتاتھا اس کا کوئی ایک کام ایسا ہوں جس میں پاکستان کے غریب عوام کیلئے کوئی سبسڈی ہوں،ان کے دورمیں غریب لوگ رل گئے تھے، ان پرزندگی تنگ ہوگئی، عمران خان کے پاس اس طرح کاکوئی ایک اسپتال بنانے کی فرصت نہیں تھی۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کڈنی اینڈلیورانسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر پر تین سال ضائع کردئیے ، اس کے نتیجہ میں سینکڑوں مریض اللہ کوپیارے ہوگئے، عمران خان پتھردل اورسنگ دل ہے اوران کی وجہ سے مریض ساڑھے تین سالوں میں علاج سے محروم رہے۔اس سے زیادہ زیادتی اس قوم کے ساتھ نہیں ہوسکتی۔اللہ تعالی ٰاورقوم کی عدالت میں عمران خان سے اس کی پوچھ ہوگی،لوگوں کاہاتھ ہوگا اورعمران خان کاگریبان ہوگا۔

وزیراعظم نے کہاکہ عمران خان نے ساڑھے تین برسوں میں اخلاقیات اورمعاشرہ کوتباہ کردیاہے، گالم گلوچ اوردشنام طرازی سے قوم کے سرشرم سے جھک گئے ہیں۔کوئی ذی شعور انسان اس طرح کے الفاظ استعمال نہیں کرتا جوعمران خان کرتے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ عمران خان دن رات نیب کے سرپرسواررہتا، جب دوسری بارمیں نیب کے عقوبت خانہ سے کوٹ لکھپت جیل منتقل ہوا توعمران خان نے ہدایت کی مجھے زمین پرسلایا جائے، پیشی کیلئے بکتربندگاڑی استعمال ہوتی رہی کیونکہ مجھے کمر میں تکلیف تھی۔

وزیراعظم نے کہاکہ عمران خان سے قوم کی خدمت کی توقع نہیں کی جاسکتی ،وہ ملک میں سول وارکرانا چاہتے ہیں ، یہ ان کی بھول ہے، قوم انہیں اس کی اجازت نہیں دے گی کیونکہ یہ ملک لاکھوں افراد کی قربانیوں سے معرض وجودمیں آیاہے۔یہ ملک قائم دائم رہے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ جمہوریت ہوگی توملک مضبوط ہوگا اورآگے بڑھیں گا۔ایک سوال پروزیراعظم نے کہاکہ چارٹرآف اکانومی کی پیشکش سب سے پہلے انہوں نے کی تھی جسے حقارت سے ٹھکرایاگیا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کے گالم گلوچ سے معاشرے میں زہرگھول رہاہے جس کا ملک اورقوم پرمنفی اثر پڑرہاہے، انہوں نے ملک کو تباہی کے راستے پرڈالا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں