اسلام آباد کے ساتھ 5 دیگر شہروں میں بھی پی ٹی آئی کے دھرنوں کا امکان

تمام قافلے اسلام آباد کی طرف جائیں گے لیکن کراچی ، کوئٹہ ، حیدرآباد ، سکھر اور لاڑکانہ بھی اسلام آباد بنیں گے ۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی پیر 23 مئی 2022 10:40

اسلام آباد کے ساتھ 5 دیگر شہروں میں بھی پی ٹی آئی کے دھرنوں کا امکان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 مئی2022ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ساتھ ملک کے 5 دیگر شہروں میں بھی تحریک انصاف کی جانب سے دھرنوں کا امکان ہے ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری نے اسلام آباد کے علاوہ 5 ديگر شہروں ميں بھی دھرنوں کا عندیہ دیا ہے ، اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں سابق وزیربرائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ تمام قافلے اسلام آباد کی طرف جائیں گے لیکن کراچی، کوئٹہ، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ بھی اسلام آباد بنیں گے۔

 
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 25 مئی کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کا اعلان کردیا ، پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے ، لانگ مارچ کی تاریخ کے حوالے سے فیصلہ کرلیا ہے ، پی ٹی آئی سمیت ہر شعبے سے لوگوں کو اسلام آباد مارچ کی طرف دعوت دے رہا ہوں ، یہ چور حکومت میں رہے تو سمجھ جائیں ہمارا کوئی مستقبل نہیں ، 25 مئی کو میں آپ سب کو اسلام آباد میں ملوں گا۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعطم نے کہا کہ غیر ملکی سازش کا جون میں اندازہ ہو گیا تھا تاہم اگست میں یقین ہو گیا کہ کیا چل رہا ہے ، بہت کوشش کی اس سازش کو روکا جائے لیکن بدقسمتی سے غیر ملکی سازش کو نہ روک سکے ، امریکہ نے رجیم چینج کے لیے لوگوں کو ساتھ ملایا ، سازش ان لوگوں کے ذریعے کی گئی جو اپنی کرپشن بچانے کے لیے ہر طرح کا کردار ادا کرنے کو تیار تھے ، لوگوں کو کروڑوں روپے آفر کیے گئے جب کہ میڈیا پر بھی ہماری حکومت کے خلاف ایک منظم مہم چلائی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو تب ہٹایا گیا جب جی ڈی پی میں اصافہ 6 فیصد تھا ، پاکستان بہتری کی طرف جا رہا تھا ، ہمارے دور میں کرپشن نہیں ہوئی اور نہ پیسہ باہر گیا ، اب حکومت سے مشکل فیصلے نہیں ہو رہے ، ان کا تجربہ معیشت میں نظر آ گیا ہے، سٹاک مارکیٹ بیٹھ گئی اور ڈالر اوپر پہنچ گیا ، کہتے ہیں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ نیشنل کمیٹی میں ہو ، باہر بیٹھ کر مفرور سزا یافتہ شخص ان کو مشورہ دے رہا ہے ۔

عمران خان نے مزید کہا کہ بھارت روس سے سستا ڈیزل اور پٹرول خرید رہا ہے ، بھارت نے کل اعلان کیا کہ وہ ڈیزل اور پٹرول کی قیمت کم کر رہا ہے ، ہم نے بھی روس سے 30 فیصد رعایت پر تیل خریدنا تھا ، غلام حکومت نے روس سے 30 فیصد رعایت خریدنے کا فیصلہ رد کر دیا ، اس حکومت میں جرات نہیں کہ روس سے تیل اور گندم سستا لے ، امریکہ کو کہا گیا عمران خان ہماری بات نہیں مانتا اور روس چلا گیا اسے نکالو ، میں وزارت خارجہ حکام ، عسکری قیادت سے مشاورت کر کے دور روس پر گیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں