صدرمملکت عارف علوی نے اسٹیٹ لائف کو 10 سال سے منتظر بیواؤں کو انشورنس کی رقم کی ادائیگی کا حکم

اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن فائر بریگیڈ ڈیپارٹمنٹ، ملتان کے فائر مینوں کی بیواؤں کو گروپ انشورنس ادا کرے، عارف علوی صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف اسٹیٹ لائف کی اپیل بھی مسترد کر دی ،بیواؤں کو گروپ انشورنس کی رقم ادا کرنے کا حکم برقرار

پیر 23 مئی 2022 18:33

صدرمملکت عارف علوی نے اسٹیٹ لائف کو 10 سال سے منتظر بیواؤں کو انشورنس کی رقم کی ادائیگی کا حکم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2022ء) صدرمملکت عارف علوی نے اسٹیٹ لائف کو 10 سال سے منتظر بیواؤں کو انشورنس کی رقم کی ادائیگی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن فائر بریگیڈ ڈیپارٹمنٹ، ملتان کے فائر مینوں کی بیواؤں کو گروپ انشورنس ادا کرے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے کہاکہ افسوس کا مقام ہے کہ غریب بیواؤں کو 10 سال تک انشورنس کی رقم ادا نہیں کی گئی ، بیواؤں کو گروپ انشورنس کی ادائیگی سے انکار غیر منصفانہ عمل اور بدانتظامی ہے ۔

صدر مملکت نے کہاکہ یہ رویہ کمپنی کی ساکھ پر بدنما دھبہ ، آئین ِ پاکستان کے اصولوں کیخلاف ہے ۔ اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف اسٹیٹ لائف کی اپیل بھی مسترد کر دی ،صدر مملکت کی جانب سے بیواؤں کو گروپ انشورنس کی رقم ادا کرنے کا حکم برقرار رکھا گیا ۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے متعلقہ قوانین کے تحت ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی ، 30 دن میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ۔

جاری تفصیلات کے مطابق مختار مائی، نوراں مائی، نسیم مائی اور عذرا بی بی کے شوہر دوران سروس انتقال کر گئے تھے ،بیواؤں نے اپنے شوہروں کی گروپ انشورنس کی رقم کیلئے اسٹیٹ لائف کو درخواست دی تھی ،رقم نہ ملنے پر انہوں نے وفاقی محتسب سے رابطہ کیا ، جس نے انشورنس کلیمز دینے کے احکامات جاری کیے ،اسٹیٹ لائف نے محتسب کے فیصلے کے خلاف صدر کے پاس ایک درخواست دائر کی تھی ،گروپ انشورنس کی کٹوتی متوفی شوہروں کی تنخواہ سے باقاعدگی سے کی جاتی تھی،ریکارڈ سے پتہ چلا کہ حکومت پنجاب اور اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا،پنجاب کی تمام مقامی حکومتوں کے ملازمین معاہدے کے تحت گروپ انشورنس کے حقدار ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق حقائق کا جائزہ لینے کے بعد، صدر مملکت نے کمپنی کی درخواست کو مسترد کر دیا ۔ صدر مملکت نے کہاکہ جاں بحق ہونے والے فائر مین میٹروپولیٹن کارپوریشن، ملتان کے ریگولر ملازم تھے ،ملازمین نے سروس کے دوران بنیادی تنخواہ کے سکیلز کے مطابق ماہانہ پریمیم ادا کیا ۔ صدر مملکت نے کہاکہ شکایت کنندگان نے انشورنس کمپنی کو تمام مطلوبہ دستاویزات بھی فراہم کی ،انشورنس کمپنی کا موقف غلط، بے بنیاد، بلاجواز ہے ، لہٰذا قبول نہیں کیا جا سکتا ۔ صدر مملکت نے فیصلہ کیاکہ کمپنی معاہدہ کے تحت شکایت کنندگان کو گروپ انشورنس کلیمز ادا کرنے کی پابند ہے۔ صدر مملکت نے حکم دیا کہ اسٹیٹ لائف انشورنس بیواؤں کو ان کے شوہروں کی انشورنس کی رقم ادا کرے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں