پی آئی اے کا 31مئی سے حج آپریشن کے آغاز کا اعلان

پاکستان کے 8 شہروں سے حج پروازیں روانہ ہوں گی ،کراچی،لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، پشاور اورکوئٹہ شامل ہیں،حج آپریشن کے دوران 297 پروازیں شیڈول کا حصہ،پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن 31 مئی سے 13 اگست تک جاری رہے گا

Umar Nawaz عمر نواز پیر 23 مئی 2022 17:40

پی آئی اے کا 31مئی سے حج آپریشن کے آغاز کا اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 مئی2022ء ) عازمین حج کے لیے بڑی خوشخبری،پی آئی اے نے 31مئی سے حج آپریشن کے آغاز کا اعلان کردیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے 8 شہروں سے حج پروازیں روانہ ہوں گی ،کراچی،لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، پشاور اورکوئٹہ شامل ہیں۔سعودی عرب میں حج پروازیں جدہ اور مدینہ منورہ جائیں گی،حج آپریشن کے دوران 297 پروازیں شیڈول کا حصہ ہیں۔

پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن 31 مئی سے 13 اگست تک جاری رہے گا۔ چند روز قبل وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کا کہنا تھاکہ حج کے حوالے سے کچھ دنوں کے اندر قوم کو بڑی خوشخبری دوں گا۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھاکہ حج کے حوالے سے کچھ دنوں کے اندر قوم کو بڑی خوشخبری دوں گا ۔

(جاری ہے)

پہلے دن سے میری کوشش تھی کہ کسی بھی طریقے سے پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مہنگا حج کو کم سے کم کرکے عوام کو ریلیف دوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عرب دنیا کی میرا تازہ ترین دورہ انتہائی کامیاب رہا اور چند ہی دنوں میں قوم کو خوشخبری دونگا۔
خیال رہے کہ وزارت مذہبی امور نے حج 2022 کے لیے سرکاری اسکیم کے تحت کامیاب حج درخواست گزاروں کا اعلان کردیا جس کے تحت 32 ہزار 453 عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے ،حج اخراجات کا اعلان چند روز میں کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود اور وفاقی وزیر ہاؤسنگ مولانا عبدالواسع نے حج قرعہ اندازی کی تقریب میں خصوصی شرکت کی اور حج درخواست گزاروں کی قرعہ اندازی کی وفاقی وزیر مذہبی امور دورہ سعودی عرب کی وجہ سے قرعہ اندازی میں شریک نہ ہوسکے۔ انہوںنے کہاکہ پریس کانفرنس کا مقصدحج 2022 کیلئے کامیاب ہونے والے خوش نصیب افراد کا انتخاب بذریعہ قرعہ اندازی کرناہے جیسا کہ آپ سب اس امر سے باخبر ہیں کہ عالمی وبائی مرض کووڈ 19 نے جہاں دیگر شعبہ ہائے زندگی کو بری طرح متاثر کیا وہیں دنیا بھر کے مسلمان اپنی سب سے مقدس عبادت گاہوں ، خانہ کعبہ اور روضہ رسولؐپر حاضری یعنی حج جیسے مقدس فریضے سے بھی محروم رہے ،اسی وجہ سے سعودی حکومت نے 2020 اور 2021 میں صرف مقامی طور پر حج کا انعقاد کیا۔

انہوںنے کہاکہ سب سے پہلے یہ بات بتانا انتہائی ضروری ہے کہ روایتی طور پر ہر سال حج کے اختتام کے بعد سے ہی آئندہ آنے والے حج کی تیاریوں کا آغاز ہو جاتا تھا، حکومت ِسعودی عرب کی جانب سے حج تعلیمات کے اعلان کے بعد دنیا کے بیشتر ممالک بشمول پاکستان اپنی سالانہ حج پالیسی وضع کرتے تھے۔ یعنی حج کی مکمل تیاریوں کیلئے تقریبا ً7سے 8ماہ کا وقت مل جاتا تھا تاہم اس کے برعکس اس سال سعودی حکومت کی جانب سے کرونااور دیگر وجوہات کی بنا پر حج تعلیمات کے اعلان میں کافی تاخیر ہوئی ہے جس کے باعث حج کی تیاریوں کے لئے نہ صرف انتہائی قلیل وقت ہمارے لئے سب سے بڑا چیلنج ہے بلکہ ساتھ ہی ساتھ سعودی حج تعلیمات میں لازمی حج اخراجات کی عدم فراہمی کی وجہ سے مسلسل تاخیر ہو رہی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں