اسلام آباد آنے کی کال پنجاب اور خیبرپختونخواہ کیلئے ہے،فواد چودھری

بلوچستان کوئٹہ اور سندھ میں کراچی میں لوگ نکلیں گے، احتجاج یا دھرنے کا فیصلہ اسلام آباد میں ہوگا، 700 پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار کرنے کا پلان بن گیا ہے، لانگ مارچ کو روکا گیا تو نقصان ہوگا۔ترجمان پی ٹی آئی کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 23 مئی 2022 18:32

اسلام آباد آنے کی کال پنجاب اور خیبرپختونخواہ کیلئے ہے،فواد چودھری
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 مئی 2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ اسلام آباد آنے کی کال پنجاب اور خیبرپختونخواہ کیلئے ہے،بلوچستان کوئٹہ اور سندھ میں کراچی میں لوگ نکلیں گے، ، 700پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار کرنے کا پلان بنایا گیا، مارچ کو روکا گیاتو نقصان ہوگا۔انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ معاشی بحران کی وجہ سیاسی بحران ہے، ڈالر19روپے بڑھ چکا ہے، اگر حکومت 3ماہ مزید رہ جاتی تو فرق نہیں پڑتا تھا، لیکن اگر ان کو تین ماہ مزید موقع دیا گیا تو یہ ملک کو ڈبو دیں گے،بلاول بھٹو ابھی امریکا سے نیچے نہیں اترے سوئٹزر لینڈ روانہ ہوگئے ہیں، عوام کو ریلیف دینے کی بجائے وزیراعظم ہاؤس میں سوئمنگ پول، جم ، سکواش کورٹ بنائی جارہی ہیں، پانچ گھروں کو کیمپ آفس ڈکلیئر کیا ہے، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب ضمانت پر ہیں، فرد جرم اس لیئے نہیں لگائی جارہی کہ وہ میٹنگز میں ہوتے ہیں، دنیا کی سات ایٹمی طاقتوں میں ایک کو شریف فیملی کی وجہ سے مسائل کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

ہمارا ملک 6فیصد پر ترقی کررہا تھا، کل ہندوستان نے بھی تیل کی قیمتیں کم کردی ہیں، انہوں نے روس کے ساتھ ڈیل کی ہے، یہی ڈیل پی ٹی آئی حکومت نے کرنے کی کوشش کی تو حکومت فارغ کردی گئی، اگر فارن پالیسی اس قدر بے بس ہے تو پھر یہ آزادی نہیں ہے، تمام سیاسی حکومتی معاملات کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ہمیں اپنی آزادی حاصل کرنی ہے، آذادی واپس لینے کا طریقہ عوام کو اختیار ہو کہ ووٹوں کے ذریعے حکومت کا فیصلہ ہو، اس سے پاکستان کا اقتدار اعلیٰ اور خودمختاری بحال ہوتی ہے، اگر ہم لانگ مارچ نہیں کرتے تو ہمیں خدشہ ہے کہ ہماری آزادی ہمیشہ کے رک جائے گی۔

لانگ مارچ کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے، وزیرداخلہ کا کریمنل ریکارڈ ہے، انہو ں نے کہا کہ ہم گرفتاریاں کریں گے، جہلم اور اٹک کے پُل پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں، 700پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار کرنے کا پلان ہے، سوشل میڈیا پر حکومت خلاف بولنے والوں پر پرچے کیے گئے، اسلام آباد ہائیکورٹ فیصلے میں قرار دے چکی ہے کہ ارکان اسمبلی کو گرفتار کرنے کیلئے پراسس کو فالو کیا جائے۔

لوگوں کو گھروں سے اٹھایا جارہا ہے، نوجوانوں کو ایف آئی اے نے اٹھایا اور گرفتار کیا۔چینلز کو بلا کر کہا گیا کہ پالیسی تبدیل کریں،عمران خان 25مئی کو بڑی ریلی کے ساتھ اسلام آباد پہنچیں گے۔حکومت کو عقل کے ناخن لینے چاہئیں، وزیراطلاعات نے کونسلر کا بھی الیکشن نہیں لڑا، ان کی کیا حیثیت ہے کہ وہ بتائیں الیکشن ہونے چاہئیں یا نہیں؟یہ کام سینئر لیڈرشپ کا ہے، الیکشن کا معاملہ گیدڑ بھبھکیوں سے معاملہ حل نہیں ہوگا، پی ٹی آئی چھوٹی جماعت نہیں، اسلام آباد آنے کی کال پنجاب اور خیبرپختونخواہ کیلئے ہے، بلوچستان والے کوئٹہ،سندھ میں حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اورکراچی میں سب سے زیادہ لوگ نکلیں گے، جلسہ یا دھرنا دینے کا فیصلہ اسلام آباد میں کیا جائے گا،لانگ مارچ میں تما م طبقات کے لوگ شامل ہوں گے۔

لاکھوں لوگوں کو نہیں روکا جاسکتا،روکنے سے تلخیاں بڑھیں گی، لانگ مارچ کو روکنے کا نقصان ہوگا، ن لیگ کی حکومت کو کہنا چاہتا ہوں کہ پارٹی میں مشاورت کریں کیونکہ آپ مینڈیٹ کے بغیر حکومت نہیں چلا سکتے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں