سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا متحدہ عرب امارات کے سفارتخانہ کا دورہ، شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی سے اظہار تعزیت

منگل 24 مئی 2022 16:35

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا متحدہ عرب امارات کے سفارتخانہ کا دورہ، شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی سے اظہار تعزیت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2022ء) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے منگل کو متحدہ عرب امارات کے سفارتخانہ کا دورہ کیا اور انہوں نے شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہیں۔

شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال سے پاکستان ایک مخلص دوست اور امت مسلمہ ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گئی ہے ۔ سپیکر نے کہا کہ مرحوم شیخ خلیفہ کی ملک و قوم کے لیے خدمات کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دہائیوں پر محیط دوطرفہ قریبی سیاسی اور سماجی تعلقات موجود ہیں۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی اور پاکستان میں بسنے والے عوام متحدہ عرب امارات کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

پاکستانی عوام مشترکہ مذہب اور ثقافت کے لازوال رشتوں کی بدولت برادر ملک کے لیے بے پناہ محبت اور پیار کا جذبہ رکھتے ہیں۔پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنانے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں متحدہ عرب امارات کی ہمیشہ حمایت حاصل رہی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے شیخ محمد بن زید النہیان کے متحدہ عرب امارات کے نئے صدر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

اماراتی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے عرب امارات کے ساتھ گہرے تعلقات مشترکہ مذہب، تاریخ اور ثقافت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ عرب امارات، پاکستان کے ساتھ دوطرفہ دوستی اور اعتماد کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے سفارتخانے میں رکھی گئی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں