پی ٹی آئی کو لانگ مارچ کے نام پر فتنہ فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے

یہ پرامن احتجاج کرنے نہیں آ رہے، لانگ مارچ کو روکا جائے گا تاکہ یہ اپنا گمراہی اور قوم کو تقسیم کرنے کے ایجنڈے کو آگے نہ بڑھا سکے۔ وفاقی کابینہ کا فیصلہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 24 مئی 2022 18:45

پی ٹی آئی کو لانگ مارچ کے نام پر فتنہ فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی 2022ء) وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کو لانگ مارچ کے نام پر فتنہ فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، لانگ مارچ کو روکا جائے گا تاکہ یہ اپنا گمراہی اور قوم کوتقسیم کرنے کے ایجنڈے کو آگے نہ بڑھا سکے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ تحریک انصاف کو لانگ مارچ کے نام پر فتنہ فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی، روکا جائے گا تاکہ یہ اپنا گمراہی اور قوم کوتقسیم کرنے کے ایجنڈےکو آگے نہ بڑھا سکے۔

پرامن احتجاج اور اظہار رائے سب کاحق ہے مگر یہ پرامن احتجاج کرنے نہیں آرہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل حکومتی اتحادی جماعتوں کے قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 25 مئی کو لانگ مارچ کے نام پر فتنہ فساد مارچ کیا جارہا ہے، یہ کوئی جمہوری مارچ نہیں بلکہ قوم کو تقسیم کرنے، ملک میں افراتفری اور انتشار کو فروغ دینے کے لیے کیا جارہا ہے. انہوں نے کہا کہ جس قسم کی یہ گفتگو کرتے رہے ہیں کہ یہ ”خونی لانگ مارچ“ ہوگا، ہم وہاں آکر فتنہ فساد پھیلائیں گے، جیسی تمام چیزیں ریکارڈ پر ہیں، یہ بھی کہا گیا کہ اس لانگ مارچ کے نتیجے میں ہم حکومت کو اٹھا کر باہر پھینک دیں گے. وزیر داخلہ نے کہا کہ 2014 میں بھی انہوں نے کہا کہ ہم پر امن احتجاج کے لیے آرہے ہیں اور اسلام آباد کی انتظامیہ سے معاہدہ کیا کہ ایک جگہ پر محدود رہیں گے لیکن وہاں رکنے کے بجائے ریڈ زون میں داخل ہوئے، وزیراعظم ہاﺅس کا گھیراو¿ کیا، سول نافرمانی پر لوگوں کو اکسایا. رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ان تمام چیزوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے انہیں لانگ مارچ کے نام پر فتنہ فساد کی اجازت نہیں دی جائے گی اور انہیں روکا جائے گا تا کہ یہ قوم کو تقسیم کرنے، گمراہی کا ایجنڈا آگے نہ بڑھا سکیں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اس سے پہلے بھی وعدہ خلافی کی تھی اور اب بھی یہ گالیوں سے گولیوں پر آگئے ہیں جس کے باعث لاہور میں ایک پولیس کانسٹیبل بھی شہید ہوگیا. انہوں نے کہا کہ ویسے بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں لیکن اب سب ساری قیادت پشاور میں اکٹھی ہوگئی ہے کوئی اپنے گھروں میں موجود نہیں ہے اور وہاں سے یہ ایک وفاقی اکائی یعنی صوبہ خیبرپختونخوا کے تمام وسائل استعمال کر کے اور صوبائی فورسز کو ساتھ لے کر وفاق پر حملہ آور ہونے آرہے ہیں. انہوں نے کہا کہ وہاں سے یہ ایک بڑے جتھے کی صورت میں کل آنا چاہتے ہیں، ایسا جتھا جس کی کوئی قانونی، آئینی حیثیت نہ ہو اور سرکاری وسائل کو استعمال کرتے ہوئے وفاق پر حملہ آور ہونے آرہا ہو، اسی کسی قیمت پر اجازت نہیں دی جاسکتی انہوں نے کہا کہ میں خبردار کرتا ہوں ان تمام لوگوں کو جو عمرانی فتنے کا شکار ہوچکے ہیں، وہ اس گمراہی سے باہر نکلیں، یہ ایک قومی مسئلہ ہے، ملک کی بقا کا مسئلہ ہے۔


اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں