وزیرِ اعظم شہباز شریف کو بلوچستان کے جنگلات میں آگ پر قابو پانے کیلئے جاری آپریشن پر بلوچستان حکومت کی جانب سے تفصیلی رپورٹ پیش کر دی گئی

منگل 24 مئی 2022 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2022ء) وزیرِ اعظم شہباز شریف کو بلوچستان کے جنگلات میں آگ پر قابو پانے کیلئے جاری آپریشن پر بلوچستان حکومت کی جانب سے تفصیلی رپورٹ پیش کر دی گئی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بلوچستان کے اضلاع شیرانی ، موسیٰ خیل کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لئے ریسکیو اقدامات تیز تر کئے گئے ہیں۔

منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فارسٹ ڈیپارٹمنٹ اور سول انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کے لئے خصوصی ٹیمز تشکیل دی گئی ہیں ۔محکمہ جنگلات کے عملہ کو ڈیوٹی کا 75فیصد حصہ فیلڈ میں گزارنے کی ہدایت کی گئی۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ضلع شیرانی میں خصوصی ٹاسک فورس نوٹیفائی کی گئی ہے جو 24 گھنٹے کام کر رہی ہے ، ریسکیو آپریشن کے حوالے سے سیکرٹری فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کا کیمپ آفس سرلاکی ضلع شیرانی میں قائم کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سےتین ایمبولینسز ، فائر ٹرک ، وین اور سیٹلائٹ وہیکل آپریشن میں حصّہ لے رہے ہیں ، پی ڈی ایم اے کی طرف سے فائر بالز ، آگ بجھانے والی گاڑیاں مہیا کی گئی ہیں ۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے تمام تر مدد فراہم کی جا رہی ہے ، متاثرہ علاقے میں پاک فوج کی طرف سے ریلیف آپریشنز کے لئے بیس کیمپ قائم کر دیا گیا ، فائر فائٹنگ ایئر کرافٹ نے بھی آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا ، فائر فائٹنگ ایئرکرافٹ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے کےریسکیو اور ریلیف آپریشن میں بھی حصّہ لے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں