وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کاحریت رہنما یاسین ملک کو جھوٹی بنیاد پر سزا دینے سے متعلق اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کو خط

بدھ 25 مئی 2022 00:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2022ء) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے حریت رہنما یاسین ملک کو جھوٹی بنیاد پر سزا دینے سے متعلق اسلامی تعاون تنظیم( او آئی سی ) کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ کو خط لکھ دیا ہے جس میں ان کو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے۔

بالخصوص وزیر خارجہ نے حریت رہنما یاسین ملک کیخلاف جھوٹے اور سیاسی مقاصد کیلئے مقدمے میں سزا پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ یہ مقدمہ بھارتی نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی نے ان کیخلاف 2017ء کی پرانی تاریخ میں درج کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ یاسین ملک کو سزا اور کشمیری رہنمائوں کیخلاف سیاسی مقاصد کیلئے مقدمات کشمیریوں کو ان کے پیدائشی حق، حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد سے روکنے اور ان کی حقیقی قیادت سے محروم کرنے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔

(جاری ہے)

یاسین ملک کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں 2019ء سے قید میں غیر انسانی صورتحال اور ان سے بہیمانہ سلوک پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے زور دیا کہ او آئی سی جموں و کشمیر سے متعلق اپنے دیرینہ اور اصول پر مبنی موقف کے تناظر میں بھارت کی جانب سے کئے گئے غیر قانونی اقدام کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے جس کا مقصد بھارتی قبضہ ختم کرنے کیلئے کشمیری قیادت کو جدوجہد سے روکنا ہے۔

بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں سنگین صورتحال کے تناظر میں وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل سے اپیل کی کہ وہ بھارت پر زور دے کہ یاسین ملک کو بے بنیاد الزامات سےبری کیا جائے اور ان کی جیل سے فوری رہائی یقینی بنائی جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنے خاندان سے مل سکیں۔ اپنی صحت بحال کر کے معمول کی زندگی گزار سکیں۔ جھوٹے الزامات میں گرفتار کئے گئے تمام کشمیری قائدین اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کو رہا کیا جائے۔

بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جامع، منصفانہ اور عالمی سطح پر تحقیقات کیلئے جموں و کشمیر سے متعلق او آئی سی انکوائری کمیشن قائم کیا جائے جبکہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اقوام متحدہ کی زیر نگرانی آزادانہ طور پر انہیں رائے شماری کا حق دیا جائے۔ وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ کشمیری بھارت کے غاصبانہ قبضے سے فیصلہ کن آزادی کیلئے امت مسلمہ سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔\932

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں