وزیراعظم شہباز شریف سے برطانیہ کی مسلح افواج کے وزیر جیمز ہیئپی کی ملاقات

بدھ 25 مئی 2022 14:54

وزیراعظم شہباز شریف سے برطانیہ کی مسلح افواج کے وزیر جیمز ہیئپی کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2022ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے برطانیہ کی مسلح افواج کے وزیر جیمز ہیئپی نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور یو کے کے مابین دیرینہ اشتراک کار موجود ہے اور دونوں ممالک اور عوام کے مابین تاریخی روابط موجود ہیں۔

وزیراعظم نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین انہانسڈ سٹریٹجک ڈائیلاگ (ای ایس ڈی) سے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ روابط کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان رواں سال سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے حوالے سے وزیراعظم نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اسے بہترین انداز میں منایا جائے گا اور اس سے دونوں ممالک کے مابین تعاون کو مزید بڑھانے کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے افغانستان میں امن اور استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے افغانستان میں انسانی المیہ سے بچنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ضروری اقدامات کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 4 کروڑ افغانوں کی فلاح و بہبود اہم ترجیح ہونی چاہئے۔ یوکرین کے معاملہ پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جاری تنازعہ سے ترقی پذیر ملک متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے اس معاملہ پر پاکستان کے اصولی موقف کا بھی اعادہ کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق اس مسئلہ کا سفارتی حل تلاش کرنے کی کوشش کریں۔ وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال واضح کرتے ہوئے بھارت سمیت خطہ میں امن کے فروغ کیلئے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے جموں و کشمیر کا تنازعہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پرامن طور پر حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں مستحکم عسکری توازن برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ برطانوی وزیر نے بھی دونوں ممالک کے مابین تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں انہیں مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے بالخصوص 15 اگست 2021 کے بعد افغانستان میں ہونے والی پیشرفت کے تناظر میں غیرملکیوں کے انخلا سمیت برطانیہ کے ساتھ پاکستان کے تعاون پر اپنی حکومت کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔\932\867

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں