احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، سیاسی جماعت بھی جلسہ جلوس کرے لیکن یہ نہیں کہنا چاہیے کہ یہ خونی ہو گا،وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک

بدھ 25 مئی 2022 14:54

احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، سیاسی جماعت بھی جلسہ جلوس کرے لیکن یہ نہیں کہنا چاہیے کہ یہ خونی ہو گا،وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2022ء) وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، سیاسی جماعت بھی جلسہ جلوس کرے لیکن یہ نہیں کہنا چاہیے کہ یہ خونی ہو گا، فلسطین اور کشمیر کے مسئلے پر بین الاقوامی خاموشی معنی خیز ہے۔ بدھ کو ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی شہری کو اپنی آواز اٹھانے کا حق حاصل ہے، لاہور میں ایک پولیس کو شہید کر دیا گیا، پھر اس کے بعد سیاسی شخصیات کی طرف سے جو بیانات دیئے گئے وہ بھی سب کے سامنے ہیں، پولیس اہلکاروں پر گولیاں برسانے کا کیا جواز ہے، انٹیلی جنس رپورٹس تھیں کہ مارچ میں اسلحہ بھی لایا جائے گا اور یہ اسلحہ پکڑا بھی گیا ہے، ملک کو انتشار کی طرف نہ لے جائیں، سیاسی جماعت نے تو عدالت میں یہ لکھ کر دینے سے بھی انکار کر دیا کہ لانگ مارچ پر امن ہو گا، ایسی روایت نہ ڈالی جائے کہ دس بیس ہزار کی تعداد میں کوئی بھی وحشی جتھہ بندوقیں اٹھا کر ریاست کو یر غمال بنا لے، ہم سب کو مل کر ریاست کی عملداری قائم رکھنی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا میں خواتین، اقلیتوں اور جانوروں کے حقوق کی جب بات ہوتی ہے تو سب آواز ملا کر کھڑے ہوتے ہیں لیکن جب کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حقوق کی بات ہو تو بین الاقوامی سطح پر ایک خاموشی نظر آتی ہے، ہمیں مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے عالمی سطح پر موثر آواز اٹھانا ہو گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں