عمران خان کی لانگ مارچ کے شرکاء سے پاکستان کا جھنڈا ساتھ لانے کی اپیل

چیئرمین تحریک انصاف نے پاکستان کے جھنڈے کے ساتھ اپنی ویڈیو شیئر کردی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 مئی 2022 15:03

صوابی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 مئی 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لانگ مارچ کے شرکاء سے پاکستان کا جھنڈا ساتھ لانے کی اپیل کردی ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کے جھنڈے کے ساتھ اپنی ویڈیو شیئر کی ہے ، جس کے ساتھ اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ سب سے گزارش ہے کہ اپنے ساتھ پاکستان کا جھنڈا لے کر جائیں ، آج پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے یہ ایک اہم لمحہ ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے حکومت مخالف لانگ مارچ کا آغاز ہو گیا ہے ، جس کے آغاز پر بھی چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ، جس میں انہوں نے کہا کہ میں اس وقت پشاور سے مارچ کا آغاز کر رہا ہوں ، میں ولی انٹرچینج پہنچ رہا ہوں ، میں خیبرپختونخوا کے عوام کو دعوت دے رہا ہوں کہ آپ نے ولی انٹرچینج پہنچنا ہے جہاں سے میں اس کاروان کی قیادت کروں گا اور ہم اسلام آباد پہنچیں گے ، مجھے امید ہے سب نکلیں گے کیوں کہ یہ فیصلہ کن وقت ہے اور ہم حقیقی آزادی لے کر رہیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پولیس نے بتی چوک سے پاکستان تحریک انصاف کے متعدد کارکنان کو گرفتار کر لیا ، بتی چوک پر پولیس کی شیلنگ کے بعد علاقہ میدانِ جنگ کی شکل اختیار کرگیا ، پولیس کی جانب سے کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے آںسو گیس اور شیلنگ کی گئی ، یادگار چوک کے قریب بھی پولیس کی جانب سے کارکنان پر شیلنگ کی گئی ۔

پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماء ڈاکٹر یاسمین راشد کی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گئی ، اس دوران ان کی گاڑی پر بھی حملہ کیا گیا تاہم ڈاکٹر یاسمین راشد کی گاڑی پولیس کا حصار توڑنے میں کامیاب ہو گئی ، لاٹھی چارج سے یاسمین راشد کی گاڑی کی ونڈ سکرین ٹوٹ گئی ، یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے ہم سے تلخ کلامی کی اور بدتمیزی کی لیکن مارچ ہر صورت کامیاب ہو گا اور ہم اسلام آباد پہنچ کر رہیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں