وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان کوئی معاہدہ نہیں ہوا

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات اور معاہدہ کی خبر بے بنیاد ہے۔پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے مسلح جتھے کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں کیا گیا۔وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 25 مئی 2022 15:31

وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان کوئی معاہدہ نہیں ہوا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی2022ء) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اونگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کی تردید کر دی۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر تویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات اور معاہدہ کی خبر بے بنیاد ہے .پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے مسلح جتھے کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل خبر آئی تھی کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت اور پی ٹی آئی میں معاہدہ طے پایا گیا ہے ، معاہدے کے تحت صرف جلسہ کرنے پر اتفاق ہوا ہے ، اب لانگ مارچ نہیں صرف جلسہ ہوگا اور عمران خان جلسے کے بعد واپس چلے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان صبح 10 سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک مذاکرات ہوئے ، جس میں حکومت کی جانب سے ایاز صادق اور یوسف رضا گیلانی مذاکرات میں شریک ہوئے جب کہ پی ٹی آئی کی نمائندگی پرویز خٹک اور اسد عمر نے کی۔

تاہم اب اس خبر کی تردید خود حکومت نے کر دی ہے۔جب کہ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے بھی کہا ہے کہ اس طرح کی خبریں محض افواہیں اور پراپیگنڈا ہیں۔ادھر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لانگ مارچ کے شرکاء سے پاکستان کا جھنڈا ساتھ لانے کی اپیل کردی ، سابق وزیر اعظم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کے جھنڈے کے ساتھ اپنی ویڈیو شیئر کی ہے ، جس کے ساتھ اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ سب سے گزارش ہے کہ اپنے ساتھ پاکستان کا جھنڈا لے کر جائیں ، آج پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے یہ ایک اہم لمحہ ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے حکومت مخالف لانگ مارچ کا آغاز ہو گیا ہے ، جس کے آغاز پر بھی چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ، جس میں انہوں نے کہا کہ میں اس وقت پشاور سے مارچ کا آغاز کر رہا ہوں ، میں ولی انٹرچینج پہنچ رہا ہوں ، میں خیبرپختونخوا کے عوام کو دعوت دے رہا ہوں کہ آپ نے ولی انٹرچینج پہنچنا ہے جہاں سے میں اس کاروان کی قیادت کروں گا اور ہم اسلام آباد پہنچیں گے ، مجھے امید ہے سب نکلیں گے کیوں کہ یہ فیصلہ کن وقت ہے اور ہم حقیقی آزادی لے کر رہیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں