عمران خان نے حکومت کے ساتھ کسی قسم کے معاہدے کی سختی سے تردید کر دی

افواہیں اور غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں کہ ڈیل ہو گئی ہے،ہم اسلام آباد کی طرف بڑھ رہے ہیں اور کسی ڈیل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اسمبلیوں کی تحلیل اور انتخابات کی تاریخوں کے اعلان تک اسلام آباد میں ہی رہیں گے۔چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 25 مئی 2022 15:51

عمران خان نے حکومت کے ساتھ کسی قسم کے معاہدے کی سختی سے تردید کر دی
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25 مئی 2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے حکومت کے ساتھ کسی بھی معاہدے کی تردید کر دی۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ افواہیں اور غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں کہ ڈیل ہو گئی ہے۔ بالکل نہیں۔عمران خان نے کہا کہ ہم اسلام آباد کی طرف بڑھ رہے ہیں اور کسی ڈیل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

اسمبلیوں کی تحلیل اور انتخابات کی تاریخوں کے اعلان تک اسلام آباد میں ہی رہیں گے۔عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد اور پنڈی کے تمام لوگوں کو جوائن کرنے کے لیے کال دے رہا ہوں۔
اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات مریم اونگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کی تردید کر دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر تویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات اور معاہدہ کی خبر بے بنیاد ہے .پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے مسلح جتھے کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل خبر آئی تھی کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت اور پی ٹی آئی میں معاہدہ طے پایا گیا ہے ، معاہدے کے تحت صرف جلسہ کرنے پر اتفاق ہوا ہے ، اب لانگ مارچ نہیں صرف جلسہ ہوگا اور عمران خان جلسے کے بعد واپس چلے جائیں گے ۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان صبح 10 سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک مذاکرات ہوئے ، جس میں حکومت کی جانب سے ایاز صادق اور یوسف رضا گیلانی مذاکرات میں شریک ہوئے جب کہ پی ٹی آئی کی نمائندگی پرویز خٹک اور اسد عمر نے کی۔ تاہم اب اس خبر کی تردید خود حکومت نے کر دی ہے۔جب کہ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے بھی کہا ہے کہ اس طرح کی خبریں محض افواہیں اور پراپیگنڈا ہیں۔ادھر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لانگ مارچ کے شرکاء سے پاکستان کا جھنڈا ساتھ لانے کی اپیل کی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں