ملک میں سیاسی افراتفری،ڈالر کی اڑان جاری

امریکی ڈالر روپے کے مقابلے میں مزید تگڑا ہو گیا،رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں ایک مرتبہ پھر 51 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا

Umar Nawaz عمر نواز بدھ 25 مئی 2022 17:41

ملک میں سیاسی افراتفری،ڈالر کی اڑان جاری
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25 مئی 2022ء) ملک میں سیاسی افراتفری،ڈالر کی اڑان جاری ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ڈالر روپے کے مقابلے مزید تگڑا ہو گیا،رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں ایک مرتبہ پھر 51 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 201 روپے 41 پیسے سے بڑھ کر 201 روپے 92 پیسے پر پہنچ گئی ہے۔

منگل کا دن بھی پاکستانی معیشت کیلئے انتہائی مایوس کن ثابت ہوا تھا۔ رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 48 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 200.93 روپے سے بڑھ کر 201 روپے 41 پیسے ہو گئی تھی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 10پیسے کا اضافہ دیکھا گیا اور ڈالر 201روپے 60پیسے پر فروخت ہوا تھا۔

جبکہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بھی منگل کے دن شدید مندی دیکھی گئی۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 489.93 پوائنٹس کی بڑی مندی ریکارڈ کی گئی۔ کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 41950.32 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا اور پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.15 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی اور 7 کروڑ 6 لاکھ 29 ہزار 692 شیئرز کا لین دین ہوا۔ مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

بتایا گیا ہے کہ منگل کے روز ہونے والی مندی کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ ڈیڑھ سال کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔ واضح رہے کہ شہباز شریف حکومت آنے کے بعد کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپیہ کی قدر اور پاکستان اسٹاک مارکیٹ مسلسل تنزلی کا شکار ہیں۔ گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران ڈالر کی قیمت میں 17 روپے سے زائد کا اضافہ ہو چکا، جبکہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 4 ہزار سے زائد پوائنٹس کی مندی ہو چکی۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی مندی کی وجہ سے سرمایہ کاروں کے کھربوں روپے ڈوب گئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں