عمران خان کان کھول کر سن لیں ،الیکشن حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے کے بعد ہی ہوں گے، مریم اورنگزیب

جمعہ 27 مئی 2022 23:06

عمران خان کان کھول کر سن لیں ،الیکشن حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے کے بعد ہی ہوں گے، مریم اورنگزیب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2022ء) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے واضح کیا ہے کہ عمران خان صاحب کان کھول کر سن لیں ،الیکشن حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے کے بعد ہی ہوں گے،الیکشن کی تاریخ کا اعلان اتحادی حکومت کرے گی، آپ اپنے گھر جا کر بیٹھیں،عمران خان نے تسلیم کرلیا وہ تیاری کر کے نہیں آئے تھے، ان کی ساری تیاری خونی مارچ، اسلحہ اور ڈنڈے جمع کرنے پر تھی،جب سپریم کورٹ کا حکم آیا اس وقت کوئی رکاوٹ نہیں تھی، آپ آوازیں مارتے رہے ،لوگ نہیں آئے، خیبرپختونخواحکومت نے 35، 35 لاکھ روپے لانگ مارچ کے وسائل کیلئے دئیے، عمران خان 35 ہزار لوگ بھی اکٹھا نہ کر سکے، چار سال ملک پر مسلط رہ کر عمران خان نے معیشت کا قتل کیا اور آئی ایم ایف کے معاہدے پر دستخط کیے جس کی وجہ سے پیٹرول مہنگا ہوا۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے حیران کن اور پریشان کن انکشافات کیے، عمران خان کے جھوٹے بیانیے پر ان کے ورکرز گمراہ ہیں، عمران خان نے اپنی شکست تسلیم کرلی ہے، وہ شکست تسلیم کرکے واپس چلے گئے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے خونی انقلاب کا اعلان کیا تھا، عمران خان 35 ہزار لوگ بھی اکٹھا نہ کر سکے، خیبر پختونخواحکومت نے 35، 35 لاکھ روپے لانگ مارچ کے وسائل کے لیے دئیے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ججوں کی تحریک کیلئے نواز شریف اسلحہ لے کر نہیں نکلے تھے، عمران خان کی نیت غنڈہ گردی اور بدمعاشی کی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ جس نے آپ کو پریس کانفرنس کا مشورہ دیا اس نے بڑی زیادتی کی، پریس کانفرنس کا مشورہ دینے والے شخص نے عمران خان کو اچھا مشورہ نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد تو آپ آچکے تھے، آپ ایف 8 تک تو آچکے تھے، بتائیں راستے میں کس نے روکا، اسلام آباد پہنچنے پر عمران خان کی گاڑیوں کی تعداد 15، 20 پر آگئی تھی، عمران خان بتائیں کہ کس رکاوٹ نے انہیں روکا، عمران خان کو ایسی حالت میں گولیاں کھا کر سو جانا چاہیے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ کی منفی سیاست اور عہدیداروں کی وجہ سے پولیس اہلکار کو گولی لگی، جب سپریم کورٹ کا حکم آیا اس وقت کوئی رکاوٹ نہیں تھی، آپ آوازیں مارتے رہے، لوگ نہیں آئے، عمران خان کا قافلہ انتظار کرتا رہا اور لوگ نہیں آئے، عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی توہین کی، عوام کو ڈی چوک پہنچنے پر اکسایا اور خود ڈی چوک پہنچے نہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پٹرول جو مہنگا ہوا ہے وہ آپ کی وجہ سے مہنگا ہوا ہے، چار سال ملک پر مسلط رہ کر عمران خان نے معیشت کا قتل کیا، عمران خان نے آئی ایم ایف کے معاہدے پر دستخط کیے، عمران خان کے آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے پٹرول مہنگا ہوا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت تحریکِ انصاف کے کارکنان کی قدر اور عزت کرتی ہے، عمران خان شہید پولیس افسر کے گھر کیوں نہیں گئی عمران خان کو شہید پولیس افسر کے بچوں سے معافی مانگنی چاہیے، عمران خان کی وجہ سے پولیس افسر شہید ہوا اور پانچ بچے یتیم ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میں آتے ہی مسلم لیگ ن کیلئے پٹرول کی قیمت بڑھانا آسان تھا، عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہونے لگی تو عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی دیدی، عمران خان کو ٹیلیویڑن دیکھ کر ڈالر کی قیمتوں کا پتہ چلتا تھا، حکومت کو دل پر پتھر رکھ کر فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں،عمران صاحب!عوام جو بوجھ آج بھگت رہی ہے یہ آپ کی نااہلی اور نالائقی کا نتیجہ ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کسی سیکیورٹی اہلکار کے پاس اسلحہ نہیں تھا، تشدد اگر کسی نے کیا ہے تو وہ عمران خان ہیں، عمران خان نے درخت اور میٹرو اسٹیشن جلوائے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کی قسمت میں صرف ناکامی ہے، چار سال آپ نا کام رہے، اب آپ کی قسمت میں ناکامی ہی ناکامی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم اوورسیز پاکستانیوں کے پیسے کھانے والے نہیں،ہم نے اوورسیز پاکستانیوں کو پارلیمنٹ میں نمائندگی دی۔

انہوںنے کہاکہ الیکشن چوری کرنے والے کو کیا پتا منصفانہ الیکشن کیا ہوتے ہیں،اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق حاصل ہے، طریقہ کار الیکشن کمیشن طے کریگا۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کا سیاسی بیانیہ اور سیاست دفن ہو چکی ہے،عمران خان 6دن میں واپس نہیں آئے گا کیوں کہ عوام ساتھ چھوڑ چکی ہے،عمران خان صاحب !روزانہ اداروں اور سپریم کورٹ کو دھمکیاں نہ دیں۔ انہوںنے کہاکہ قومی سلامتی اور چارٹر آف اکانومی پر بیٹھے کو تیار نہ ہونے والا اب بیٹھنے کو تیار ہے،وزیر اطلاعات نے کہاکہ جو جلسہ نہیں کر سکا وہ لانگ مارچ کیا کرے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں