بلوچستان پہلے مرحلے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے فول پروف سکیورٹی مہیا کی جائے ، سیکرٹری الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن تمام پولنگ سٹیشنوں پر ووٹرز کے بے خوف وخطر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہا ہے ، عمر حمید خان

جمعہ 27 مئی 2022 23:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2022ء) سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے کہا ہے کہ بلوچستان پہلے مرحلے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے فول پروف سکیورٹی مہیا کی جائے ، الیکشن کمیشن تمام پولنگ سٹیشنوں پر ووٹرز کے بے خوف وخطر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہا ہے۔ جمعہ کو الیکشن کمیشن آ ف پاکستان اسلام آبادسیکرٹریٹ میں سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان کی سربراہی میں بلوچستان لوکل گورنمنٹ الیکشن کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

آن لائن اجلاس میں بلوچستان کے 32 ضلعوں میں ہونے والے الیکشن کے انتظامی اور سکیورٹی حالات کی تفصیل سیجائزہ لیا گیا۔یاد رہے بروز اتوار مورخہ 29مئی 2022پولنگ کا دن ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکاء میں چیف سیکرٹری بلوچستان عبد العزیز عقیلی ، آئی جی بلوچستان محسن حسن بٹ ،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ دوستین جمالی ، جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل آئی جی عمر شاہداور قانون نافذکرنے والے ادارے موجود رہے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ 32ضلعوں میں 5226 پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں جس میں تقریباً 2000 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس جبکہ 1917 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ ان اضلاع میں ووٹرز کی تعداد 3552398 ہے۔جبکہ امیدواروں کی تعداد 16195ہے جن میں 132 خواتین بھی شامل ہیں۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پولنگ کے عملے ، پولنگ اسٹیشنوں اورعوام کی سکیورٹی کے لئے 32اضلاع میں 45436 پولیس کی نفری تعینات کی جبکہ تمام پولنگ اسٹیشنوں کی geolocating بھی کر لی گئی ہے۔

حساس اضلاع میں خصوصی طور پر سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے تمام ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔سیکرٹری الیکشن کمیشن جناب عمر حمید خان کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 218 کے تحت صاف، شفاف ، غیر جانبدارانہ الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ جبکہ 220کے تحت انتظامی معاملات میں معاونت انتظامیہ ودیگر ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خواتین کی سکیورٹی اور آبزرور کی معاونت کا خصوصی دھیان رکھا جائے ۔ خواجہ سراء ، اقلیتوں ، معذروں ، بزرگ شہریوں اور حاملہ خواتین کو ووٹ ڈالنے کے معاملے میں پولنگ عملہ اور انتظامیہ ترجیح دے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں