ہم نے آئی ایم ایف کی شرط نہیں مانی اور عوام کو ریلیف فراہم کیا، شوکت ترین

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اشیائے خوردونوش سے براہ راست تعلق ہوتا ہے ٹرانسپورٹ مہنگی ہوگی تو ہر قسم کی اشیا کی قیمت بڑھے گی، سابق وزیر خزانہ

جمعہ 27 مئی 2022 23:03

ہم نے آئی ایم ایف کی شرط نہیں مانی اور عوام کو ریلیف فراہم کیا، شوکت ترین
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2022ء) سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ہم نے آئی ایم ایف کی شرط نہیں مانی اور عوام کو ریلیف فراہم کیا۔ ایک انٹرویومیں سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ آئی ایم ایف نے ہم سے بھی سبسڈی واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا ہم نے انکار کیا تو آئی ایم ایف ہماری بات مان گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم روس کے ساتھ تیس فیصد کم پر تیل کا معاہدہ کرنے جارہے تھے جس سے پاکستان کو فائدہ ہوتا بھارت کو دیکھ لیں انہوں نے 30 فیصد کم قیمت پر روس سے تیل خریدا ہے۔

(جاری ہے)

شوکت ترین نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اشیائے خوردونوش سے براہ راست تعلق ہوتا ہے ٹرانسپورٹ مہنگی ہوگی تو ہر قسم کی اشیا کی قیمت بڑھے گی۔سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ارکان کہتے رہے کہ آپ نے پیٹرول بم گرایا ہے اب یہ لوگ خود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کیوں بڑھا رہے ہیں۔شوکت ترین نے کہا کہ ہم مختلف سیکٹرسے پیسہ نکال کر پیٹرولیم مصنوعات پرسبسڈی دے رہے تھے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا اثر پوری معیشت پرہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے طے کیا تھا کہ ہم ٹارگٹڈ سبسڈی دیں گے اب آٹے کی قیمت بڑھ گئی ہے دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بھی بڑھیں گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں