بھنگ کی کاشت کو قانونی شکل دینے کے لیے پالیسی تیار

15 سال کیلئے لائسنس جاری کیا جائے گا ‘ لائسنس ہولڈربھنگ کی خریداری ، بیجوں کی درآمد اور کاشت کرنے کا مجاز ہوگا‘ لائسنس ہولڈر کو 10 ایکٹر زمین رکھنا ہوگی

Sajid Ali ساجد علی پیر 27 جون 2022 10:44

بھنگ کی کاشت کو قانونی شکل دینے کے لیے پالیسی تیار
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 جون 2022ء ) وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے بھنگ کی کاشت کو قانونی شکل دینے کیلئے پالیسی تیار کرلی ، قومی ہیمپ اور بھنگ اتھارٹی بنانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ، بھنگ اتھارٹی 5 قسم کے لائسنس جاری کرے گی۔ ایکسپریس نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ پالیسی کے تحت اتھارٹی کے بورڈ آف گورننس میں 6 وزاتوں اور صوبائی چیف سیکرٹریز کی نمائندگی ہوگی ، جس سے بھنگ کی خریداری ، بیج کی درآمد، کاشت کاری، ٹرانسپورٹیشن پر انسداد منشیات فورس کی کڑی نگرانی ہوگی جب کہ لائسنس ہولڈربھنگ کی خریداری ، بیجوں کی درآمد اور کاشت کرنے کا مجاز ہو گا ، لائسنس ہولڈر کو دس ایکٹر زمین رکھنا ہوگی اور لائسنس 15 سال کیلئے جاری کیا جائے گا۔

معلوم ہوا ہے کہ بھنگ کی کاشت مینوفیکچرنگ پودے لگانے کے معیار کے سیکیورٹی پروٹوکولز بھی انسداد منشیات ڈویژن دیکھے گی، انسداد منشیات فورس سرمایہ کاروں کے متعارف کردہ بیج کا آڈٹ کرے گی ، اتھارٹی سرمایہ کاروں کو صنعتی ہیمپ اور بھنگ کا لائنس جاری کرے گی، پالیسی کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ چند ماہ قبل اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) نے بھنگ کی کاشت کیلئے4 جگہوں کی منظوری دے دی تھی ، بھنگ کے ایک بیج کی قیمت12 ڈالر اور ایک لیٹر سی بی ڈی آئل 10ہزار ڈالر کا ہے،‏‏2025 تک بھنگ کی عالمی مارکیٹ 95 ارب ڈالرتک پہنچ جائے گی۔

ادھر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کا کہنا ہے کہ بھنگ بہت سی بیماریوں کا علاج ہے اور مختلف ممالک میں اسے دوا کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے ، انہوں نے یہ بات سپریم کورٹ آف پاکستان میں منشیات کے ملزمان کی سزاؤں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران کہی ، جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں 7 رکنی لارجر بینچ نے سماعت کی، سپریم کورٹ نے عدالتی معاونین کو تحریری معروضات جمع کروانے کا حکم دے دیا اور کہا کہ سینیٹ کی ایک کمیٹی منشیات کے ملزمان سے متعلق قانون سازی کر رہی ہے، سینیٹ کی کمیٹی میں ہونے والی پیشرفت سے متعلق آگاہ کیا جائے۔

خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ حکومت جو قانون سازی کر رہی ہے اس میں مختلف منشیات کی نوعیت کے مطابق سزائیں ہوں گی۔ دوران سماعت جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پہلے بھنگ اور ہیروئن کی سزا برابر تھی، اگربھنگ اور ہیروئن کی سزا الگ الگ کی جا رہی ہے تو یہ خوش آئند ہے، بھنگ ہیروئن سے کم خطرناک نشہ ہے۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ریمارکس دئے کہ بھنگ تو بہت سی بیماریوں کا علاج اور انسانی اعصاب کے لیے قوت بخش ہے، مختلف ممالک میں بھنگ کو دوا کے طور پراستعمال کیا جاتا ہے۔

جسٹس جمال خان مندوخیل کا کہنا تھا کہ اب تو حکومت بھی بھنگ پر پالیسی بنا چکی ہے۔ عدالتی معاون اعتزاز احسن نے کہا کہ عدالت کو ایک دلچسپ واقعہ سنانا چاہتا ہوں، 1988ء میں نواز شریف ہزاروں افراد کے ساتھ ضیاء الحق کی برسی کے لیے اسلام آباد آئے، اطلاع ملی کہ زیرو پوائنٹ پر بسیں روک دی گئی ہیں، سکیورٹی خدشات پر تشویش ہوئی تو آئی جی نے بتایا کہ بسوں میں بھنگ کاٹ کاٹ کر بھری جا رہی ہے۔ اعتزاز احسن کے واقعہ سنانے پر عدالت میں قہقہے لگ گئے۔ سپریم کورٹ نے منشیات کے ملزمان کی سزاؤں سے متعلق کیس کی سماعت جنوری کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں