پاکستانی قوم اپنے آرمی چیف پر جتنا بھی فخر کرے کم ہے

کنگ عبدالعزیز ایوارڈ آرمی چیف کی ذاتی کاوشوں اور محنت کا صلہ ہے،خارجہ پالیسی پر آرمی چیف کے عبور کے باعث پاکستان گرے لسٹ سے نکلنے میں کامیاب ہوا،آرمی چیف پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحرک ہیں۔چوہدری پرویزالٰہی کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 27 جون 2022 14:02

پاکستانی قوم اپنے آرمی چیف پر جتنا بھی فخر کرے کم ہے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 جون 2022ء ) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو کنگ عبدالعزیز ایوارڈ ملنا پاکستان کے لیے خوش آئند ہے۔ پاکستانی قوم اپنے آرمی چیف پر جتنا بھی فخر کرے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ ایوارڈ آرمی چیف کی ذاتی کاوشوں اور محنت کا صلہ ہے۔خارجہ پالیسی پر آرمی چیف کے عبور کے باعث پاکستان گرے لسٹ سے نکلنے میں کامیاب ہوا۔

آرمی چیف نے مشکل وقت میں متحدہ عرب امارات، قطر اور سعودی عرب جا کر تیل کی ادائیگی ملتوی کروائی۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحرک ہیں۔چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ آرمی چیف نے ہمیشہ ملک کی مشکلات کے حل میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا،پاکستان کے معاملات پر ہمیشہ وطن کے لیے ڈلیور کرتے نظر آئے ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سعودی عرب نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو کنگ عبدالعزیز میڈل سے نواز دیا ۔

عرب میڈیا کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کا دورہ کیا ، جہاں ولی عہد محمد بن سلمان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو کنگ عبدالعزیز میڈل سے نوازا۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ سلمان کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات کو مضبوط اور ترقی دینے میں جنرل باجوہ کی نمایاں کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلنٹ کلاس سے نوازا۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے سے معلوم ہوا ہے کہ سعودی ولی عہد اور پاکستان کے آرمی چیف نے ملاقات بھی کی جس میں دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا ، اس موقع پر عسکری شعبوں اور ان کو ترقی دینے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ اس کے علاوہ انہوں نے مشترکہ دلچسپی کے کئی مسائل پر بھی بات کی ، تقریب میں سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بھی موجود تھے ، ان کے علاوہ سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض الرویلی اور دونوں اطراف کے کئی سینئر حکام نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں