سانحہ اے پی ایس میں بچنے والے احمد نواز نے آکسفورڈ یونین کے صدرکا عہدہ سنبھال لیا ‘ وزیراعظم کا خراج تحسین

احمد نے ہمارے نوجوانوں کے لیے قابل تقلید مثال قائم کی ہے‘ پاکستان کو اس پر فخر ہے۔ شہباز شریف کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی پیر 27 جون 2022 15:21

سانحہ اے پی ایس میں بچنے والے احمد نواز نے آکسفورڈ یونین کے صدرکا عہدہ سنبھال لیا ‘ وزیراعظم کا خراج تحسین
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 جون 2022ء ) وزیراعظم شہباز شریف نے سانحہ اے پی ایس میں بچنے والے طالب علم احمد نواز کو آکسفورڈ یونین کے صدرکا عہدہ سنبھالنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک ٹویٹ میں شہباز شریف نے کہا کہ اے پی ایس پشاور پر ہولناک حملے میں بچ جانے والے احمد نواز آکسفورڈ یونین کے صدر بن گئے ہیں ، یہ عظیم اعزاز اور حوصلہ افزا سفر جو عزم اور سراسر قوت ارادی سے ممکن ہوا ، احمد نے ہمارے نوجوانوں کے لیے قابل تقلید مثال قائم کی ہے اور پاکستان کو اس پر فخر ہے۔

خیال رہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول میں بچ جانے والے طالبعلم احمد نواز نے آکسفورڈ یونیورسٹی کی ڈبیٹنگ سوسائٹی ’آکسفورڈ یونین‘ کے صدر کا عہدہ سنبھال لیا ہے ، اس موقع پر احمد نواز نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بے حد خوش ہیں کہ آج آکسفورڈ یونین کے صدر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ، بطور صدر اپنے دور میں اس بات کا منتظر ہوں کہ سب سے اہم مسائل پرعالمی رہنماؤں کے مذاکرے کو ممکن بناؤں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنی بھرپور کوشش کروں گا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوانوں کو با اختیار بنائیں اور آزادی اظہار کو برقرار رکھیں ، جس کے لیے ایک طویل سفر طے کرنا ہے۔ بتاتے چلیں کہ سانحہ اے پی ایس میں احمد نواز کے چھوٹے بھائی شہید ہوگئے تھے جب کہ وہ اس سانحے میں زخمی ہوئے اور 7 سال قبل 2014ء میں برطانیہ منتقل ہوئے تھے ، جہاں احمد نواز مارچ 2022ء کے ابتدائی دنوں میں آکسفورڈ یونیورسٹی کی ڈبیٹنگ سوسائٹی ’آکسفورڈ یونین‘ کے صدر منتخب ہوئے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ آج میری زندگی کا یادگار لمحہ ہے ، یہ کامیابی دہشت گردوں کے لیے پیغام ہے کہ طلبہ کو آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں