اتحادی جماعتوں کے بڑھتے گلے شکوے اور تحفظات کو دور کرنے کی کوششیں

مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے بڑوں کے درمیان آج اہم بیٹھک ہو گی

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 30 جون 2022 10:35

اتحادی جماعتوں کے بڑھتے گلے شکوے اور تحفظات کو دور کرنے کی کوششیں
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 جون 2022ء) اتحادیوں کے گلے شکوے اور شکایتوں کو دور کرنے کیلئے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے بڑوں کے درمیان آج بیٹھک ہو گی،میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سابق صدر آصف زرداری اور چیئرمین  پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کےاعزازمیں ظہرانہ دیں گے،ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیاکہ ظہرانہ وزیراعظم ہاؤس میں دیاجائے گا جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوگی، جبکہ ظہرانےمیں ایم کیوایم اور بی اے پی کے تحفظات اور خدشات پربات چیت بھی متوقع ہے،رہنماوں کے درمیان ظہرانے میں چیئرمین نیب کی تقرری سمیت حکومتی امورپر گفتگو بھی ہوگی،واضح رہے کہ گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکین قومی اسمبلی صابر قائم خانی اور صلاح الدین نے قومی اسمبلی میں اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا،اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا،جہاں اظہار خیال کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما صابر حسین قائم خانی نے کہا کہ ہمیں عوام نے منتخب کرکے بھیجا ہے لیکن حکومتی اتحاد مین شامل ہونے کے بعد ہمارے علاقوں کے منصوبوں کو کوئی ترجیح نہیں دی گئی،بتایا گیا ہے کہ صابر قائم خانی اور صلاح الدین نے ایوان میں اجلاس بائیکاٹ کا اعلان کیا تو وفاقی وزیر ایازصادق اور مرتضیٰ جاوید عباسی ایم کیو ایم ارکین کو منانے گئے تاہم ایم کیوایم رکن قومی اسمبلی صلاح الدین نے ایاز صادق کا ہاتھ جھٹک دیا اور کہا کہ ہم نے آپ کا ساتھ دینے کی بھاری سیاسی قیمت ادا کی ہے ،ہمیں اپوزیشن کی نشستوں پر آنے میں وقت نہیں لگے گا۔

(جاری ہے)

،واضح رہے کہ دو روز قبل قومی اسمبلی کے اجلاس میں بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر خالد مگسی نے شکو ہ کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کا مقصد کچھ اورتھا لیکن اب کچھ اور نظر آ رہا ہے، اب بات کرتے ہیں تو منہ دوسری طرف کرلیتے ہیں، ہم توسمجھ رہے تھے تبدیلی نظرآئے گی، خالد مگسی نے کہا کہ سوکھا اخلاق ہی دکھادیں،ہماری پارٹی کی بھی شکایات ہے ہمیں آن بورڈ ہی نہیں لیتے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں