پرویز مشرف کی دبئی سے اسلام آباد منتقلی کی اطلاعات، قریبی ذرائع کا ردِعمل آ گیا

پرویز مشرف تاحال دبئی میں ہیں، قریبی ذرائع نے سابق صدر کی پاکستان منتقلی اور راولپنڈی کے اسپتال میں زیر علاج ہونے کی خبروں کی تردید کردی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 30 جون 2022 11:29

پرویز مشرف کی دبئی سے اسلام آباد منتقلی کی اطلاعات، قریبی ذرائع کا ردِعمل آ گیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 جون 2022ء) سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے قریبی ذرائع نے سابق صدر کی پاکستان منتقلی اور راولپنڈی کے اسپتال میں زیر علاج ہونے کی خبروں کی تردید کردی۔ پرویز مشرف کے قریبی ذرائع کے مطابق ان کی پاکستان منتقلی کی خبریں درست نہیں ہیں۔ سابق صدر کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف تاحال دبئی میں ہیں، ان کو دبئی سے پاکستان شفٹ کرنے کی سوشل میڈیا پر زیرگردش خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو دبئی سے پاکستان منتقل کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔اطلاعات میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ پرویز مشرف کو تین دن قبل دبئی سے اسلام آباد منتقل کیا گیا اور وہ راولپنڈی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

(جاری ہے)

پرویز مشرف کی وجہ سے اسپتال کی سکیورٹی سخت کرنے کی خبریں بھی سامنے آئیں، اس حوالے سے بتایا گیا کہ معمول کے تحت سکیورٹی الرٹ کیا گیا ہے۔

سابق صدر پرویز مشرف کی وطن واپسی سے متعلق حکومت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اگر وہ پاکستان آنا چاہیں تو حکومت انہیں سہولت فراہم کرے گی۔ چند روز قبل وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو وطن واپس لانے کے لیے سہولت فراہم کرنا چاہتے ہیں، مشرف کو سزا ہوئی تھی، وہ واپس آئیں اور عدالت ان کے معاملے کو دیکھے۔

اس سے قبل پرویز مشرف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ان کے اہلخانہ کی جانب سے ایک پیغام جاری کیا گیا تھا، جس میں انہوں نے سابق صدر کی وطن واپسی سے متعلق سرکاری سطح پر رابطہ کرنے کی تصدیق کی تھی۔ اہلخانہ کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کی وطن واپسی سے متعلق سرکاری اور غیرسرکاری ذرائع کی طرف سے رابطہ کیا گیا ہے، ہم اس کوشش پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سابق صدر پرویز مشرف کی وطن واپسی سے متعلق سینیٹ میں بھی بحث کی گئی، جس میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے مشرف کو قانون کے مطابق سزا دینے جبکہ جے یو ا?ئی، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے وطن واپسی کی حمایت کی تھی۔پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر، سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ جب پرویز مشرف یہاں تھے تو میں نے کہہ دیا تھا میں نے مشرف کو معاف کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف آنا چاہتے ہیں تو یہ ان کا پاکستان اور گھر ہے، ان کے ملک واپس آنے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں