آصف زرداری نے لاہور میں 2 کوٹھیاں خرید لیں

بحریہ ٹاؤن میں بلاول ہاؤس کو فارم ہاؤس میں تبدیل کر دیا جائے گا، پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو بلاول ہاؤس بحریہ ٹاؤن جانے میں دشواری کے پیشِ نظر آصف علی زرداری گلبرگ میں گھر بنا رہے ہیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 30 جون 2022 11:57

آصف زرداری نے لاہور میں 2 کوٹھیاں خرید لیں
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جون 2022ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری لاہور کا دورہ کریں گے اور پنجاب میں بحران کے حوالے سے سیاسی رہنماؤں سے ملاقات بھی کریں گے ۔انہوں نے گلبرگ لاہور میں چودہ کنال کی دو کوٹھیاں خرید لی ہیں۔6 کنال کے ایک اور بنگلہ کی خریداری کے لیے بھی بات چیت جاری ہے جس سے گرا کر وہ اپنا ذاتی گھر تعمیر کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق یہ جگہ قذافی اسٹیڈیم کے قریب شارع امام حسین پر شاہ محمود قریشی کے گھر کے سامنے واقع ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو بلاول ہاؤس بحریہ ٹاؤن جانے میں دشواری کے پیشِ نظر آصف علی زرداری گلبرگ میں گھر بنا رہے ہیں۔بحریہ ٹاؤن میں واقع بلاول ہاؤس کو فارم ہاؤس میں تبدیل کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیزالرحمن چن کا کہنا ہے گلبرگ میں گھر بننے کے بعد کارکنوں کو ملاقات میں آسانی ہوگی۔

قبل ازیں آصف زرداری نے کارکنا کے نام پیغام میں کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب کی تکمیل کرتے ہوئے ملک سے جہالت ، شدت پسندی اور عدم برداشت کے رویوں کو شکست دے گی۔ اپنے پیغام میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ عوام کو غربت، بیروزگاری اور معاشی بدحالی سے نجات دلا کر انہیں سماجی اور معاشی انصاف کی فراہمی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی زندگی کا مقصد تھا۔

پاکستان پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان بنا کررہے گی۔آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی فلاسفی پر عمل کرکے غریب دوست معیشت کو لیکر آگے بڑھیں اور ان کی خارجہ پالیسی پر عمل کریں۔ صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز نے کہا کہ پارلیمان کی بالادستی ہی سے دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوگا۔ انہوں نے کہا آج دنیا کی لیڈر شپ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی قائدانہ صلاحیت اور سیاسی بصیرت کا اقرار کر رہی جو نہ صرف جیالوں اور ہمدردوں بلکہ جمہوریت پسندوں کی سیاسی اور اخلاقی فتح ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں