وزیراعظم کا ہوائی اڈوں پر مسافروں سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی غیر قانونی وصولی کا سخت نوٹس ، غیر قانونی ایف ای ڈی کا حکمنامہ فوری معطل کرنے کا حکم

ہفتہ 2 جولائی 2022 23:27

وزیراعظم  کا ہوائی اڈوں پر مسافروں سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی غیر قانونی وصولی  کا سخت نوٹس  ، غیر قانونی  ایف ای ڈی  کا حکمنامہ فوری معطل کرنے کا حکم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2022ء) وزیراعظم شہباز شریف نے ہوائی اڈوں پر مسافروں سے 50 ہزار روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے غیر قانونی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا حکمنامہ فوری معطل کرنے کا حکم دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ مسافروں کو تنگ کرنے کا سلسلہ فوری بند کیا جائے، جن لوگوں کی وجہ سے مسافروں کو اذیت کا سامنا کرنا پڑا انہیں عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اس امر کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور ہوائی اڈوں پر مسافروں سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کی شکایات پر سخت برہمی کا اظہارکیا ہے ۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو حکم دیا کہ غیر قانونی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا حکمنامہ فوری معطل کیا جائے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے سختی سے ہدایت کی کہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کو تنگ کرنے کا سلسلہ فوری بند کیا جائے۔

وزیراعظم نے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کے فیصلے کی تحقیقات کرانے کا بھی حکم دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کابینہ کی منظوری کے بغیر''ایف ای ڈی''کی وصولی کیسے اور کیوں ہوئی اور وزیر خزانہ کو اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا اور کہا کہ فی الفور تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے۔ وزیر اعظم نے مزید کہاکہ جن لوگوں کی وجہ سے مسافروں کو اذیت کا سامنا کرنا پڑا، انہیں عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے وزیر خزانہ کو ہدایات کیں کہ جن مسافروں سے ایف ای ڈی وصول کی گئی ہے، انہیں رقوم واپس کی جائیں۔ وزیراعظم نے اپنے احکامات پر فوری عمل درآمد اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں