عمران خان کا برطانوی حکومت سے منی لانڈرنگ کیخلاف اقدامات میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ

عالمی سطح پر منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات اٹھائے جائیں‘ برطانوی حکومت اس سلسلے میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی برطانوی ہائی کمشنر کرسچئن ٹرنر سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 5 جولائی 2022 11:45

عمران خان کا برطانوی حکومت سے منی لانڈرنگ کیخلاف اقدامات میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 جولائی 2022ء ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سرمائے کی غیر قانونی ترسیل ترقی پذیر ممالک کا بڑا مسئلہ ہے، غریب ملکوں سے دولت کی ترسیل کا سلسلہ بند کرنے کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچئن ٹرنر نے ملاقات کی ، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا ، اس دوران عمران خان نے غریب ممالک سے سرمائے کی ترسیل کے تدارک کی ضرورت پر زور دیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ غریب ملکوں سے دولت کی ترسیل کا سلسلہ بند کرنے کیلئے اقدامات ضروری ہیں کیوں کہ سرمائے کی غیر قانونی ترسیل ترقی پذیر ممالک کا بڑا مسئلہ ہے ، دولت کی غیر قانونی ترسیل سے عالمی سطح پر معاشی ناہمواریوں کو فروغ ملتا ہے ، یواین سیکرٹری جنرل اپنی رپورٹ میں معاملے کی نزاکت اجاگر کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ سرمائے کی یہ ترسیل غریب ممالک کے باشندوں میں ہجرت کے رجحان کو ابھارتی ہے، عدل و انصاف کا تقاضا ہے کہ عالمی سطح پر منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات اٹھائے جائیں، برطانوی حکومت اس باب میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ برطانوی ہائی کمشنر کی جانب سے میزبانی پر چیئرمین تحریک انصاف سے اظہارِ تشکر کیا گیا۔ دوسری طرف وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ برلن میں فیٹف اجلاس میں پاکستان کی تعریف کی گئی ہے، برلن اجلاس میں بات چیت کی گئی کہ پاکستان نے تمام 27 اہداف پر عملدرآمد کیا، پاکستان نے انسداد منی لانڈرنگ کیلئے تمام اہداف حاصل کیے ، فیٹف کی آن سائٹ ٹیم جولائی کے آخری ہفتے پاکستان آسکتی ہے۔

ادھرعدالت نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور دیگر ملزمان کی ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا ، اسپیشل سینٹرل کورٹ لاہور میں سماعت کے موقع پر عدالت نے شہباز شریف ، حمزہ شہباز سمیت دیگر کی حاضری لگانے کا حکم دیا ، وفاقی تحقیقاتی ادارے نے منی لانڈرنگ کیس میں مفرور 3 ملزمان کی رپورٹ پیش کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں