قومی سلامتی کمیٹی اجلاس سے قبل وزیراعظم اور عسکری قیادت کی ملاقات

ملاقات صدارتی چیمبر میں ہوئی، قومی اور داخلی سلامتی کے امور پر گفتگو کی گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 5 جولائی 2022 16:07

قومی سلامتی کمیٹی اجلاس سے قبل وزیراعظم اور عسکری قیادت کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین ۔ 5 جولائی 2022) اسلام آباد میں پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس شروع ہو گیا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس سے قبل وزیراعظم اور عسکری قیادت کی ملاقات ہوئی۔ملاقات صدارتی چیمبر میں ہوئی۔ ملاقات میں قومی اور داخلی سلامتی کے امور پر گفتگو کی گئی۔

قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج قومی اسمبلی ہال میں منعقد ہو رہا ہے جس میں قومی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کمیٹی کے اجلاس کے حوالہ سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ، سینٹ اور قومی اسمبلی کے پارلیمانی رہنمائوں، وفاقی وزرا، سینئر سیاسی رہنمائوں، صوبائی وزرا اعلیٰ، آزاد جموں و کشمیر کے صدر و وزیراعظم سمیت گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کو اجلاس میں شرکت کے حوالہ سے خطوط روانہ کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے اجلاس میں قومی اسمبلی اور سینٹ کے سینئر اراکین، قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اراکین، وزارت دفاع، خارجہ امور، داخلہ، امور کشمیر، ہیلتھ اینڈ نیشنل سکیورٹی ڈویژن کے وفاقی سیکرٹریز، چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز سمیت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز بھی شرکت کریں گے۔ قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف جو ملک سے باہر ہیں ان کی غیر موجودگی میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں مسلح افواج کے سربراہان اور دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان بھی شریک ہوں گے۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اراکین کے ساتھ ساتھ دونوں ایوانوں کے 140 اراکین کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ قومی اسمبلی گذشتہ ماہ ایک قرارداد کے ذریعے قومی اسمبلی ہال کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے سلسلہ میں استعمال کرنے کی منظوری دے چکی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں