ملک میں کورونا کے مثبت کیسز میں اضافے کے پیش نظر نیشنل عید الاضحیٰ کے لیے نئی ہدایات جاری

نمازعید کے اجتماعات مساجد کے بجائے کھلے مقامات اور میدانوں میں منعقد کیے جائیں . نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 5 جولائی 2022 17:34

ملک میں کورونا کے مثبت کیسز میں اضافے کے پیش نظر نیشنل عید الاضحیٰ کے لیے نئی ہدایات جاری
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 جولائی ۔2022 ) ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز میں اضافے کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عید الاضحیٰ کے لیے نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نماز کے اجتماعات مساجد کے بجائے کھلے مقامات اور میدانوں میں منعقد کیے جائیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں عید الاضحیٰ سے متعلق رہنما ہدایات جاری کر دی ہیں.

(جاری ہے)

این سی او سی کی نئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کورونا سے بچاﺅ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا بہت ضروری ہے، اس لیے نماز عید کے ایک اجتماع کے بعد رش کو کم رکھنے کے لیے ایک ہی مسجد میں 2 یا 3 اجتماعات منعقد کیے جائیں نئی گائیڈ لائنز میں علمائے کرام اور خطیب سے اپیل کی گئی ہے وہ نماز عید کے خطبات کو مختصر رکھیں این سی او سی نے علمائے کرام اور خطیب سے مزید درخواست کی ہے کہ وہ لوگوں کو ماسک اور سینیٹائزر کے استعمال کی تلقین کریں اور کورونا کی علامات جیسے بخار وغیرہ ظاہر ہونے کی صورت میں نماز کے اجتماعات میں شرکت نہ کرنے کی نصیحت کریں.

این سی او سی کی جانب سے جاری نئی گائیڈ لائنز میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ عید الاضحی کی نماز کھلے مقامات پر ادا کریں، نماز کی ادائیگی کے لیے مساجد میں اجتماعات کے بجائے کھلے مقامات اور میدانوں میں اجتماعات منعقد کیے جائیں دوسری جانب قومی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں مزید 653 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مثبت کیسز کا تناسب 3.45 فیصد رہا این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے 18 ہزار 950 ٹیسٹ کیے گیے.

قومی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے باعث ملک میں کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی جبکہ مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج 162 افراد کی حالت تشویش ناک ہے دوسری جانب شہر قائد میں گزشتہ دنوں مثبت کیسز کی شرح زیادہ سامنے آنے کے بعد کراچی میں کورونا ٹیسٹ کی تعداد دگنی کردی گئی ہے جبکہ شہر میں سامنے آنے والے مثبت کیسز کی شرح کم ہو کر 7.92 فیصد ہوگئی ہے، جہاں چوبیس گھنٹوں کے دوران 435 افراد میں کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی شہروں سے متعلق معلومات فراہم کرتے ہوئے قومی ادارہ صحت نے بتایا کہ ملک میں سب سے مثبت کیسز کی زیادہ شرح خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں 13.33 فیصد ریکارڈ کی گئی.

این آئی ایچ کے مطابق مردان میں کورونا کی تشخیص کے لیے 15 ٹیسٹ کیے گیے جن میں سے 2 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی، اسلام آباد میں مزید 63 کیسز سامنے آئے جہاں شرح 4.95 فیصد رہی قومی ادارہ صحت کے مطابق اس کے علاوہ لاہور میں کیسز کی شرح 3.65 فیصد ریکارڈ ہوئی جبکہ فیصل آباد میں 2.24 اور پشاور میں کیسز کی شرح 2.14 فیصد رہی. واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز میں اضافے کے باعث نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے نئی ہدایات جاری کی تھیں جس میں تجویز دی گئی تھی کہ غیر ویکسین شدہ لوگوں کو سرکاری دفاتر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے این سی او سی کی جانب سے نئی جاری کردہ گائیڈ لائنز میں تجویز کیا گیا تھا کہ سرکاری دفاتر میں کورونا وائرس سے متعلق آگاہی پروگراموں کا اہتمام کیا جانا چاہے اور ملازمین کی بھی اپنے خاندان کے افراد کی حفاظت کے لیے رہنمائی کی جانی چاہیے.

این سی او سی کی جانب سے تجویز کیا گیا کہ ملازمین کی پرہجوم مقامات پر جانے سے گریز کے لیے بھی رہنمائی کرنی چاہیے، ماسک پہننا لازمی قرار دینا چاہیے، دفاتر میں کام کے دوران سماجی فاصلہ اختیار کرنے کے لیے انتظامات کیے جانے چاہئیں اور ان تمام ایس او پیز کو نماز کے دوران بھی یقینی بنایا جانا چاہیے، جبکہ دفاتر کے تمام داخلی راستوں اور واش رومز میں ہینڈ سینیٹائزر کی دستیابی کو یقینی بنانا چاہیے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں