وزیراعظم شہبازشریف کا سیلابی لہروں میں پھنسے بچوں کو بچانے پر پاک بحریہ اور ریسکیو اداروں کو خراج تحسین

اسلام آباد کے کورنگ نالہ میں سیلابی لہروں میں پھنسے چار کم سن بچوں کو بچانے پر ریسکیو ٹیم کی کارکردگی قابل تعریف ہے.شہبازشریف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 5 جولائی 2022 17:49

وزیراعظم شہبازشریف کا سیلابی لہروں میں پھنسے بچوں کو بچانے پر پاک بحریہ اور ریسکیو اداروں کو خراج تحسین
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 جولائی ۔2022 ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سیلابی لہروں میں پھنسے بچوں کو بچا کر پاک بحریہ، اسلام آباد ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو 1122 کے عملے نے فرض شناسی کی عمدہ مثال قائم کی ہے. وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے اسلام آباد کے کورنگ نالہ میں سیلابی لہروں میں پھنسے چار کم سن بچوں کو بچانے پر ریسکیو ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ، اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو 1122 کے عملے نے فرض شناسی کی عمدہ مثال قائم کی ہے.

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ طوفانی سیلابی ریلے میں ریسکیو کے عملے نے جس جانفشانی، چابکدستی، مہارت اور دلیری کا مظاہرہ کیا ہے اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ شدید موسمی حالات میں والدین اپنے بچوں کی حفاظت کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، اللہ کا شکر ہے کہ کوئی حادثہ نہیں ہوا. وزیراعظم نے کہا کہ راولپنڈی سمیت ملک بھر کی ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں اسلام آباد کی ٹیم کی مثال کی تقلید کریں، یہ واقعہ سب کے لئے مثال ہے کہ اگر ہم اسی طرح ٹیم ورک، محنت اور جانفشانی سے کام کریں گے تو ان شاءاللہ مشکلات کے طوفانی ریلوں سے سرخرو ہو کر نکلیں گے انہوں نے کہا کہ طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال میں قومی اور انسانی ہمدردی کے جذبے کے ساتھ اپنے اہل وطن کی مدد کریں.

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے سنیئربیوروکریٹ عبداللہ مرحوم کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے وہ سی ایس پی 1967 بیچ سے تعلق رکھتے تھے بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ سول سرونٹ عبداللہ کے انتقال پرملال پر گہرا دکھ اور رنج ہوا،اللہ تعالی انہیں غریق رحمت کریں عبداللہ مرحوم ایک فرض شناس سول سرونٹ، ایک نامور سکالر اور اسلام کے محققین میں سے ایک تھے. وزیراعظم نے کہا کہ عبداللہ مرحوم کا سروس کے دوران لوگوں کی فلاح کیلئے کام اور ملک کیلئے انتھک محنت سول سرونٹس کیلئے قابل تقلید رول ماڈل ہیں،ہماری تمام تر ہمدردیاں مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اللہ تعالی انہیں صبرِ جمیل عطا فرمائیں.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں